شرح سود میں کمی کے بعد قومی بچت اسکیموں کا منافع بھی کم ہوگیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اسٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود میں کمی کے باعث وفاقی حکومت نے قومی بچت اسکیموں پر منافع کی شرح میں 2 فیصد تک کمی کردی ہے۔
سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے شرح سود میں 100 بیسس پوائنٹس کی کمی کے بعد 12 فیصد کرنے کے باعث قومی بچت اسکیموں پر منافع کی شرح میں 2 فیصد تک کمی کی گئی ہے۔
سی ڈی این ایس کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ریگولر انکم سرٹیفکیٹس پر منافع کی شرح 12 فیصد سے کم کر کے 11.88 فیصد سالانہ کر دی گئی ہے، بہبود سیونگ سرٹیفکیٹس پر منافع کی شرح 13.92 فیصد سے کم کرکے 13.68 فیصد سالانہ اور پنشنرز کے سرٹیفکیٹس پر 13.92 فیصد سے 13.68 فیصد کردی گئی ہے۔
شہید فیملیز ویلفیئر اکاؤنٹس کے منافع کی شرح 13.92 فیصد سے کم ہو کر 13.68 فیصد سالانہ ہو گئی، جبکہ سیونگ اکاؤنٹس پر منافع کی شرح 13.50 فیصد سے کم ہوکر 11.50 فیصد سالانہ ہو گئی۔
قلیل مدتی بچت اسکیموں میں بھی سرٹیفکیٹس کی شرح ایڈجسٹ کر دی گئی ہیں، ایک لاکھ روپے پر 3 ماہ کا سرٹیفکیٹ منافع 3 ہزار 190 روپے سے کم ہوکر 2 ہزار 810 روپے ہوگیا ہے
6 ماہ کے شارٹ ٹرم سرٹیفکیٹس کے لیے ایک لاکھ روپے پر منافع کی شرح 6 ہزار 370 سے کم ہوکر 5 ہزار 660 کردی گئی ہے، جبکہ ایک سال کے شارٹ ٹرم سرٹیفکیٹس میں ایک لاکھ روپے پر منافع کی شرح 12 ہزار 380 روپے سے کم ہوکر 11 ہزار روپے ہوگئی ہے۔
تاہم اسپیشل سیونگ سرٹیفکیٹس، اکاؤنٹس، سرو اسلامک ٹرم اکاؤنٹس اور سرو اسلامک سیونگ اکاؤنٹس پر منافع کی شرح بدستور برقرار ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *