بجلی کے 200 یونٹ تک کا بل حکومت دے گی، یہ رعایت کس کے لیے ہے؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)آزاد کشمیر حکومت نے مساجد کو 200 یونٹ تک بجلی مفت فراہم کرنے کے فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے کروڑوں روپے کے فنڈز جاری کردیے۔
آزاد کشمیر حکومت نے مساجد کے 200 یونٹ تک بجلی بلوں کی ادائیگی کے لیے 9 کروڑ 47 لاکھ 95 ہزار روپے محکمہ مذہبی امور کو فراہم کردیے ہیں۔
واضح رہے کہ آزاد کشمیر حکومت نے گزشتہ برس مساجد کے لیے 200 یونٹ تک بجلی فری کرنے کا اعلان کیا تھا جس پر عملدرآمد کا بھی آغاز ہوگیا تھا۔
محکمہ برقیات نے اُس وقت ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے آزاد کشمیر بھر کے مہتمم اوپریشن ڈویژنز کو ہدایت کی تھی کہ جن جن مساجد میں بجلی کے میٹر نصب ہیں اور کام کررہے ہیں ان کی تفصیل مہیا کی جائے گی۔
آزاد کشمیر حکومت کی جانب سے صرف ان مساجد کے 200 یونٹ تک کے بجلی بل ادا کیے جارہے ہیں جن کے میٹر لگے ہوئے ہیں اور کام کررہے ہیں۔ 200 سے زیادہ جتنے بھی یونٹ صرف ہوں گے ان کا بل ادا کرنا مسجد انتظامیہ کی ذمہ داری ہوگی۔
یہ بھی واضح رہے کہ آزاد کشمیر کے وزیر اطلاعات پیر مظہر سعید شاہ کی تحریک پر وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے مساجد کے لیے 200 یونٹ تک بجلی فری کرنے کا اعلان کیا تھا۔