پی ٹی آئی کی جڑیں عوام میں ہیں، عمران خان کو مائنس نہیں کیا جا سکتا، رانا ثنااللہ کا اعتراف


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ اس میں کوئی دورائے نہیں کہ پی ٹی آئی کی جڑیں عوام میں موجود ہیں، عمران خان کو سیاست سے مائنس نہیں کیا جا سکتا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی بری بات یہ ہے کہ یہ دوسری جماعت کی موجودگی کو تسلیم نہیں کرتے۔ تحریک انصاف 10 دن بعد بھی مذاکرات کرے تو حکومت تیار ہوگی۔
انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی پارلیمانی جمہوری نظام سے ناواقف ہے، اور مذاکرات پر یقین نہیں رکھتی، سیاستدان جب ٹیبل پر بیٹھتے ہیں تو بڑے بڑے مسائل کا حل نکل آتا ہے۔
مشیر وزیراعظم نے کہاکہ میری نظر میں سیاسی طاقتوں کو ہر صورت ہمیشہ مذاکرات کا راستہ اپنانا چاہیے، نواز شریف کی ہدایت پر ہی حکومت نے پی ٹی آئی سے مذاکرات کیے۔
انہوں نے کہاکہ نواز شریف نے کہا تھا ساتھ نہیں بیٹھیں گے تو ملک بحرانوں سے نہیں نکل سکے گا، اگر وہ منظوری نہ دیتے تو ہم کیسے بات چیت کر سکتے تھے۔
رانا ثنااللہ نے کہاکہ اگر تحریک انصاف نے 9 مئی اور 26 نومبر سے سبق نہیں سیکھا تو پھر یہ 8 فروری کو بھی آکر دیکھ لیں۔
انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کو مذاکرات سے بھاگنا نہیں چاہیے تھا، ایسا نہیں تھا کہ ہم چوتھی نشست میں ان کو صاف جواب دینے جارہے تھے۔
واضح رہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات ختم ہوگئے ہیں، پہلے پی ٹی آئی نے مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کیا تھا، جبکہ آج حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے اہم رکن عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ بات چیت کا عمل ڈیڈلاک کا شکار نہیں بلکہ ختم ہوگیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *