سوزوکی نے اپنا پہلا الیکٹرک اسکوٹر متعارف کرادیا، اس میں کیا خاص فیچرز ہیں؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سوزوکی موٹرز نے اپنا پہلا الیکٹرک اسکوٹر e.ACCESS کو متعارف کرایا ہے جس کے بارے میں کمپنی نے دعویٰ کیا ہے ایک بار ریچارج کرنے پر یہ اسکوٹر 95 کلومیٹر تک سفر کرسکتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، سوزوکی نے اپنے گلوبل بیٹری الیکٹرک وہیکل (بی ای وی) اسکوٹر e-ACCESS کو بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ہونے والی گلوبل ایکسپو میں نمائش کے لیے پیش کیا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اس پائیدار اور اسٹائلش الیکٹرک اسکوٹر کو خاص طور پر شہری علاقوں کے صارفین کے لیے ماڈرن ٹیکنالوجی کی مدد سے تیار کیا گیا ہے۔
اسکوٹر کے فرنٹ پر نصب ایل ای ڈی پوزیشن لائٹ اور ٹو ٹون وہیلز اسے مزید خوبصورت اور اسٹائلش بناتے ہیں۔ اس اسکوٹر میں 3.07 کلو واٹ کی لیتھیم آئرن فاسفیٹ (ایل ایف پی) بیٹری استعمال کی گئی ہے جو پائیداری اور طویل مدت تک چلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
سوزوکی کے الیکٹرک اسکوٹر کی حد رفتار 71 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی، اس کا اسٹینڈرڈ چارجنگ ٹائم 6 گھنٹے 42 منٹ ہوگا جبکہ فاسٹ چارجنگ 2 گھنٹے 12 منٹ میں ہوگی۔
سوزوکی موٹرز کا کہنا ہے کہ وہ اپنا الیکٹرک اسکوٹر رواں برس مارچ میں مانچ کرے گی اور بھارت میں اس کی فروخت اپریل میں شروع کی جائے گی۔ کمپنی نے کہا ہے کہ الیکٹرک اسکوٹر کو دیگر ممالک کو بھی برآمد کیا جائے گا۔