بلوچستان کے غریب عوام رمضان پیکج سے ایک بار پھر محروم رہنے کا خدشہ

پنجاب میں رمضـان پیکج کیلئے رجسٹریشن کا سلسلہ شروع ‘ بلوچستان حکومت نے تاحال اقدامات شروع نہیں کئے


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان میں اس سال بھی غریب عوام کے لیے رمضان پیکج نہ ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، کیونکہ حکومت بلوچستان کی جانب سے تاحال کسی منصوبے پر کام شروع نہیں کیا گیا۔ دوسری جانب پنجاب حکومت نے صوبے کے مستحق افراد کے لیے نگہبان رمضان پیکج متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے،
جس کے تحت وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے رمضان پیکج کے لیے مستحقین کی رجسٹریشن کا عمل شروع کرنے کا حکم دیا ہے، جو 15 فروری تک مکمل کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق بلوچستان میں اس سال بھی رمضان پیکج کا کوئی امکان نظر نہیں آ رہا۔ گزشتہ سال بھی صوبے کے عوام رمضان پیکج سے محروم رہے تھے، جبکہ اس سے قبل وزیر اعلیٰ قدوس بزنجو کے دور میں آخری بار رمضان پیکج تقسیم کیا گیا تھا۔ موجودہ حکومت کے دور میں یہ دوسرا رمضان ہوگا جس میں عوام کسی بھی حکومتی امدادی پیکج سے محروم رہیں گے۔
بلوچستان کے عوامی حلقوں نے وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر متعلقہ حکام کو رمضان پیکج کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کریں تاکہ صوبے کے غریب عوام کو بھی دیگر صوبوں کی طرح رمضان المبارک کے آغاز سے پہلے ہی امدادی پیکج دیا جا سکے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ بلوچستان میں غربت کی شرح ملک کے دیگر حصوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق بلوچستان کی 45 فیصد آبادی غربت کا شکار ہے، جبکہ بعض رپورٹس کے مطابق یہ شرح 70 فیصد سے بھی تجاوز کر چکی ہے۔