چینی کی قیمتوں میں مزید اضافہ، شہری مٹھاس کیلئے کڑوا گھونٹ پینے پر مجبور
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)ملک میں چینی کی مٹھاس دوبارہ کڑواہٹ میں بدلنے لگی ہے، مختلف شہروں میں چینی کی فی کلو قیمت میں اوسطاً 10 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ادارہ شماریات کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق راولپنڈی، اسلام آباد اور کراچی میں شہری سب سے مہنگی چینی خریدنے پر مجبور ہیں، جہاں چینی کی قیمت 160 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے۔
مختلف شہروں میں چینی کی قیمتیں
پشاور، کراچی، اسلام آباد اور راولپنڈی میں چینی 160 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔ خضدار، لاہور، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں چینی کی فی کلو قیمت 155 روپے ہے، جبکہ فیصل آباد، ملتان، لاڑکانہ، بنوں، کوئٹہ میں 150 روپے فی کلو چینی فروخت ہو رہی ہے۔اسی طرح حیدرآباد میں 148 روپے فی کلو، بہاولپور اور سکھر میں 145 روپے فی کلو میں چینی فروخت ہو رہی ہے۔
ملک میں چینی کی اوسط قیمت
ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں چینی کی اوسط قیمت 150 روپے 43 پیسے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، جس سے عام شہری شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ شہریوں کا مطالبہ ہے کہ حکومت چینی کی قیمتوں میں استحکام کے لیے فوری اقدامات کرے تاکہ مہنگائی کے بوجھ سے کچھ نجات مل سکے۔