کم عمر لڑکی کی خفیہ شادی، حاملہ ہوئی تو شوہر نے قتل کردیا، پھر لاش کے ساتھ کیا کیا؟ دل دہلا دینے والی تفصیلات

سڈنی (قدرت روزنامہ) آسٹریلیا میں ایک 19 سالہ بنگلہ دیشی نژاد میڈیکل سٹوڈنٹ آرنیما حیات کو شوہر نے قتل کرکے لاش تیزاب میں گلادی۔ آرنیما کا خواب سرجن بننے کا تھا۔ آرنیما کے والدین اسے بہتر زندگی دینے کے لیے نو سال کی عمر میں آسٹریلیا لے آئے تھے۔ وہ ایک محنتی اور ہونہار طالبہ تھی، جس نے ویسٹرن سڈنی یونیورسٹی میں میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنا شروع کی۔ اس کا خواب ایک قابل ڈاکٹر بن کر لوگوں کی مدد کرنا تھا۔ لیکن جب اس کی ملاقات معراج ظفر سے ہوئی، تو اس کی زندگی ایک اندھیرے راستے پر چل پڑی۔
دی مرر کے مطابق معراج ظفر، جو ایک سکول ڈراپ آؤٹ اور جم کا شوقین تھا، جلد ہی اس کی زندگی پر مکمل قابض ہو گیا۔ اس کا رویہ حاسدانہ اور جارحانہ تھا، اور وہ آرنیما پر ہر طرح کی پابندیاں لگانے لگا۔ آرنیما کی خفیہ اسلامی شادی اکتوبر 2021 میں ہوئی، جس میں نہ اس کے والدین شامل تھے اور نہ ہی دوست احباب آئے۔ شادی کے بعد وہ اپنی فیملی سے کٹتی چلی گئی اور ظفر کی مرضی کے بغیر گھر سے نکلنا بھی مشکل ہو گیا۔

جنوری 2022 میں جب آرنیما حاملہ ہوئی تو اس پر شوہر کا تشدد مزید بڑھ گیا۔ ایک بار اس نے اسے گلا دبا کر بے ہوش کر دیا کیونکہ اسے لگا کہ اس کی بیوی نے کسی دوسرے مرد سے بات کی ہے۔ آرنیما نے اپنے دوستوں سے مدد مانگی اور ظفر سے طلاق کی درخواست کی، لیکن وہ اسے چھوڑنے کے لیے تیار نہیں تھا۔ اس نے ظفر کو میسج بھیجا “میں تمہارے ساتھ نہیں رہنا چاہتی، لیکن تمہیں یہ بات کہنے سے بھی ڈر لگتا ہے کہ کہیں تم مجھے دوبارہ نہ مارو۔ میں نہیں چاہتی کہ میرا بیٹا تمہاری طرح ہو۔”

29 جنوری 2022 کو آرنیما نے اپنے دوست کو آخری پیغام بھیجا “مجھے تمہارے سوا کوئی نہیں سمجھتا۔” اس رات 9:10 بجے یہ آخری پیغام بھیجا گیا اور صرف 45 منٹ بعد ظفر نے اسے قتل کر دیا۔ اگلی صبح سی سی ٹی وی فوٹیج میں ظفر کو ایک ہوم امپروومنٹ سٹور سے 20 لیٹر ہائیڈروکلورک ایسڈ خریدتے ہوئے دیکھا گیا۔ کچھ دیر بعد وہ مزید 80 لیٹر تیزاب خریدنے واپس آیا۔

پولیس کے مطابق ظفر نے آرنیما کی لاش کو تیزاب سے تحلیل کرنے کی کوشش کی تاکہ قتل کے ثبوت مٹ جائیں۔ جب پولیس اس کے فلیٹ میں پہنچی تو وہاں تیزاب کی تیز بدبو پھیلی ہوئی تھی۔ جب پولیس نے حفاظتی لباس پہن کر باتھ روم میں داخل ہونے کے بعد لاش دیکھی تو وہ اتنی زیادہ خراب ہو چکی تھی کہ شناخت ڈی این اے کے ذریعے کرنی پڑی۔

قتل کے بعد ظفر فرار ہو گیا لیکن 20 گھنٹے بعد اس نے خود کو پولیس کے حوالے کر دیا۔ دسمبر 2024 میں ظفر کو 21 سال 6 ماہ قید کی سزا سنائی گئی، جس میں سے اسے کم از کم 16 سال جیل میں گزارنے ہوں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *