روزانہ مکھانے کھانے کے 6 فوائد اور نقصانات
مکھانے ایک صحت بخش ناشتہ، فوائد اور ممکنہ نقصانات سے بچنے کے لئے احتیاط
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مکھانہ صدیوں سے بہار کی ثقافت اور روایات کا حصہ رہا ہے اور اسے صحت بخش ناشتے کے طور پر پسند کیا جاتا ہے۔ اس کے بے شمار فوائد ہیں، مگر ضرورت سے زیادہ استعمال نقصان دہ بھی ہو سکتا ہے۔ آئیے جانتے ہیں کہ مکھانے کے صحت پر کیا اثرات ہوتے ہیں۔
آئیے مکھانے کے فوائد جانتے ہیں
وزن کم کرنے میں مددگار
مکھانے میں کیلوریز کم اور فائبر زیادہ ہوتا ہے، جو وزن کم کرنے میں مدد دیتا ہے اور غیر ضروری بھوک کو روکتا ہے۔
دل کی صحت کے لیے مفید
اس میں میگنیشیم زیادہ اور سوڈیم کم ہوتا ہے، جو بلڈ پریشر کو متوازن رکھتا ہے اور دل کی بیماریوں کے خطرے کو کم کرتا ہے۔
گردوں کے لیے مفید
مکھانہ گردوں کی صفائی میں مدد دیتا ہے اور پیشاب کے نظام کو بہتر بناتا ہے، ساتھ ہی گردے کی پتھری بننے کے امکانات کو کم کرتا ہے۔
ہڈیوں کو مضبوط بناتا ہے
یہ کیلشیم سے بھرپور ہوتا ہے، جو ہڈیوں کی مضبوطی اور آسٹیوپوروسس سے بچاؤ میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
بلڈ شوگر کو کنٹرول کرتا ہے
کم گلیسیمک انڈیکس کی وجہ سے یہ ذیابیطس کے مریضوں کے لیے مفید ہے اور انسولین کی حساسیت کو بڑھاتا ہے۔
دماغی صحت کو بہتر بناتا ہے
اس میں نیورو پروٹیکٹو خصوصیات پائی جاتی ہیں جو ذہنی سکون دیتی ہیں اور تناؤ کم کرنے میں مدد کرتی ہیں۔
کسی بھی چیز کا اعتدال سے بڑھ جانا نقصان دہ ہوسکتا ہے، اسی طرح مکھانے کا استعمال بھی اعتدال کے ساتھ کرنا چاہیے ورنہ جو ممکنہ نقصانات ہوسکتے ہیں اس کا کچھ ذکر کرتے ہیں کہ زیادہ مکھانہ کھانے کے کیا نقصانات ہوسکتے ہیں۔
ہاضمے کے مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے
زیادہ مقدار میں کھانے سے گیس، اپھارہ اور قبض ہو سکتا ہے۔
بلڈ شوگر کا عدم توازن
زیادہ مقدار میں کھانے سے بعض افراد میں بلڈ شوگر بڑھ سکتی ہے، خاص طور پر اگر یہ کاربوہائیڈریٹ سے بھرپور غذا کے ساتھ کھایا جائے۔
الرجی کا امکان
کچھ افراد کو مکھانے سے الرجی ہو سکتی ہے، جس کے نتیجے میں خارش، جِلد پر دانے یا سوجن ہو سکتی ہے۔
سوڈیم کی زیادتی
بازاری مکھانے میں نمک زیادہ ہوتا ہے، جو ہائی بلڈ پریشر اور پانی کے عدم توازن کا سبب بن سکتا ہے۔
اچھے مکھانے کا انتخاب کیسے کریں؟
ہمیشہ بڑے، سفید اور کرسپ مکھانے خریدیں۔ زرد یا بھورے رنگ کے مکھانوں سے گریز کریں کیونکہ یہ خراب ہو سکتے ہیں۔
مکھانہ صحت کے لیے بہترین ناشتہ ہے، مگر اعتدال میں کھانا ضروری ہے۔ اگر آپ اسے اپنی غذا میں شامل کرتے ہیں تو صحت مند اور متوازن خوراک کے اصولوں کو مدنظر رکھیں۔