بھارتی فلموں کی پیشکش کے باوجود کام کیوں نہ کیا، اداکارہ نادیہ افگن نے بتا دیا
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ نادیہ افگن کا کہنا ہے کہ بھارت میں کسی بھی کردار کی آفر ہوئی تو وہ ضرور کریں گی۔
حال ہی میں اداکارہ نادیہ افگن نے نجی ٹی وی کے شو میں شرکت کی جس میں انہوں نے مختلف موضوعات پر کھل کر بات کی۔ میزبان نے ان سے سوال کیا کہ اگر انہیں بھارت سے کسی ڈرامے یا فلم کی آفر آتی ہے تو وہ کریں گی جس کے جواب میں اداکارہ کہتی ہیں کہ ضرور کریں گی کیونکہ وہ ایک آرٹسٹ ہیں اور فن کی کوئی سرحد نہیں ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ انڈیا کے پاس کچھ بہترین اداکار بھی ہیں جن میں شاہ رخ خان، کونکنا و دیگر شامل ہیں اور وہ کام بھی ورسٹائل قسم کا کرتے ہیں۔ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ وہ شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنا پسند کریں گی۔
نادیہ افگن نے مزید کہا کہ انہیں بھارتی پنجابی فلموں کی پیشکش ہوئی تھی لیکن کبھی فلم کرنے کے حوالے سے بات نہیں بن پائی، کیونکہ کچھ مسائل تھے۔ ان کے والد بھی بیمار تھے اس لیے وہ بھارت نہیں جا سکیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ سونم باجوہ ان کی پسندیدہ اداکارہ ہیں، وہ ان کی دوست بھی ہیں، اور ان کی دوستی سوشل میڈیا کے ذریعے ہوئی۔ نادیہ افگن نے بتایا کہ ایک بار سونم نے ’سنو چندا‘ پر ویڈیو بنائی تھی جس پر اداکارہ نے ان کا شکریہ ادا کیا تھا جس کے بعد وہ دوست بن گئے۔
نادیہ افگن کا کہنا تھا خلیل الرحمان قمر کے ساتھ کسی صورت کام کرنا پسند نہیں کریں گی اور یہ بات وہ پہلے بھی کر چکی ہیں۔
نادیہ افگن ایک زبردست پاکستانی ٹیلی ویژن اداکارہ ہیں جنہوں نے متعدد ہٹ ڈراموں میں پرفارم کیا۔ ان کے کئی قابل ذکر پراجیکٹس ہیں جن میں افسر بیکار خاص، رد، سنو چندا، کابلی پلاؤ، کالا ڈوریا،جفا اور دیگر شامل ہیں۔ اس وقت وہ تن من نیل او نیل میں کام کر رہی ہیں اور سحر خان کی والدہ کا کردار نبھا رہی ہیں۔