مراکش کشتی حادثہ میں 10 پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مراکش میں تارکین وطن کی کشتی کو پیش آنے والے حادثے میں پاکستانیوں کی بھی بڑی تعداد موجود تھی، تاہم پاکستانی سفارتخانے نے 10 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق رباط میں پاکستانی سفارتخانے نے وزارت خارجہ کو مراسلہ جاری کردیا، جس میں کہا گیا ہے کہ 13 افراد کی لاشیں اسپتال میں رکھی ہیں، جن میں سے 3 قابل شناخت نہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ مغربی افریقہ سے کشتی کے ذریعے اسپین پہنچنے کی کوشش کرنے والے افراد کو حادثہ پیش آیا تھا جس میں 50 افراد ڈوب کر ہلاک ہوگئے تھے، اور بتایا گیا تھا کہ مرنے والوں میں 44 افراد کا تعلق پاکستان سے تھا۔
بعد ازاں بچ جانے والے کچھ افراد وطن واپس بھی پہنچے ہیں، جن سے ایف آئی اے نے تفتیش بھی کی ہے جس کے بعد انسانی اسمگلرز کے خلاف کارروائیاں کی جارہی ہیں۔
کچھ روز قبل وزیراعظم شہباز شریف نے کشتی حادثات پر تحقیقات میں سست روی پر ڈی جی ایف آئی اے احمد اسحاق کو عہدے سے ہٹا دیا تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سختی سے ہدایات دے رکھی ہیں کہ انسانی اسمگلرز کے خلاف کارروائیاں تیز کی جائیں۔