کراچی والوں کو ایک اور جھٹکا، پیپلز بس سروس کے کرایوں میں اضافہ
کراچی (قدرت روزنامہ) سندھ حکومت نے کراچی کے عوام کو ایک اور جھٹکا دے دیا، کراچی میں عوامی سفری سہولت کے لیے متعارف کروائی گئی پیپلز بس سروس کے کرایوں میں اضافہ ہو گیا۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق پیپلز بس سروس کا کرایہ 50 روپے سے بڑھا کر 80 روپے کر دیا گیا، اگر 15 کلومیٹر سے زائد سفرکرنا ہو تو مقرر کردہ 120 روپے کرایہ ادا کرنا ہو گا۔کرائے بڑھ جانے کے باعث دفتر جانے والے ملازمین ہوں، مزدور ہوں یا طلبہ ہر کوئی پریشان ہے، شہری کہتے ہیں کہ آمدنی تو نہیں بڑھی لیکن کرایہ بڑھ گیا ہے۔
دوسری جانب سندھ کے سینئر وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ جتنے بھی فیصلے کیے اس کی نیت اچھی ہے، 40 روپے فی مسافر کے حساب سے 50 لاکھ روزانہ حکومت سبسڈی دے رہی ہے، سندھ کابینہ اور وزیر اعلیٰ کا شکر گزار ہوں انہوں نے اب کہا کہ تھوڑا کرایہ بڑھاتے ہیں۔
ادھر عوام کا مطالبہ ہے کہ حکومت پیپلز بس سروس کا کرایہ بڑھانے کے اس فیصلے پر نظر ثانی کرے تاکہ عام آدمی بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھاتا رہے۔