سندھ حکومت کا منافع خوروں کیخلاف کارروائی کیلئے نئے تھانے بنانے کا فیصلہ

کراچی(قدرت روزنامہ )سندھ حکومت نے صوبے بھر میں منافع خوروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کے معاونین وقار مہدی اور عثمان ہنگورو کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں صوبے کے تمام اضلاع میں منافع خوروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں وقار مہدی نے کہا کہ منافع خوروں کے خلاف کارروائی کیلئے نئے تھانوں کے قیام کا فیصلہ کیا ہے، تھانوں میں محکمہ بیورو آف سپلائی اور پولیس کاعملہ شامل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں استحکام لانا اور ذخیرہ اندوزی روکنا چاہتے ہیں، اس کے علاوہ تمام گوداموں کو رمضان سے پہلے رجسٹرڈ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، بچت بازاروں میں خصوصی سٹال اور پھلوں کی مقررہ قیمتوں کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ سبزی منڈیوں کے کولڈ سٹوریج رجسٹرڈ اور ان کی نگرانی کی جائے گی۔
وقار مہدی کا کہنا تھاکہ نئے تھانے سندھ میں منافع خوروں کے خلاف کارروائی کرنے کے مجاز ہوں گے، صوبے بھر کی مارکیٹوں کی نگرانی کے لئے خصوصی ڈیوٹیاں لگانے کی ہدایت کردی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *