بلوچستان

گورنر پنجاب کا بی ایم سی میں ڈائیلائسز یونٹ بنانے کا اعلان

کوئٹہ(قدرت روزنامہ) گورنر پنجاب و چیئرمین سرور فاؤنڈیشن چوہدری محمد سرور نے بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال کوئٹہ میں ڈائیلائسز یونٹ بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی کوشش ہے کہ بلوچستان میں صحت کے شعبے کی بہتری اور غریب و لاچار مریضوں کو بہتر علاج و معالجے کی سہولیات میسر کی جائیں اور اس مقصد کے لئے وہ عملی طور پر اقدامات اٹھارہے ہیں۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کوئٹہ میں گورنر بلوچستان ہاؤس میں میڈیکل سپرنٹندنٹ بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال کوئٹہ ڈاکٹر نوراللہ موسی خیل سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان سید ظہور آغا، وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری، سردار عبدالرحمن کھیتران، چیف سیکرٹری مطہر نیاز رانا و دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر گورنر پنجاب چوہدری سرور نے بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال کوئٹہ میں ڈائیلائسز یونٹ بنانے کا اعلان کیا جس پر کام رواں سال ہی شروع کیا جائے گا جو بہت جلد پایہ تکمیل تک پہنچ جائے گا۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے بی ایم سی میں ڈائیلائسز یونٹ بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پہلے مرحلے میں ڈائیلائسز یونٹ میں 10مشینوں پر مشتمل ہوگا جبکہ بعد ازاں اس میں اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈائیلاسز مشینوں کی فراہمی ساتھ ساتھ ان کو چلانے کے لئے گوہر اعجاز فاؤنڈیشن اور فرینڈز آف لاہور کی جانب سے نہ صرف ٹیکنیشنز اور عملہ بھی فراہم کی جائے گی بلکہ ان مشینوں کی مینٹیننس بھی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سرور فاؤنڈیشن کی جانب سے بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال میں ہیپی ٹائٹس بی اور سی کی تشخیص کے لئے ہونے والے پی سی آر ٹیسٹ کے لئے بھی مشین مہیا کردی جائے گی تاکہ یہاں کے ہیپی ٹائٹس جیسے خطرناک بیماری میں مبتلا غریب اور نادار مریضوں کے مرض کی بروقت تشخیص اور علاج ممکن ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ صحت کے شعبہ میں بلوچستان کے غریب اور نادار مریضوں کے علاج و معالجے کے لئے سہولیات میسر ہو جس کے لئے وہ عملی طور پر کام کررہے ہیں۔

متعلقہ خبریں