ریپ اور قتل کی دھمکیاں، اداکارہ روزلین خان نے حنا خان پر الزام لگا دیا

ممبئی (قدرت روزنامہ) بھارتی اداکارہ اور اسٹیج فور کینسر سروائیور روزلین خان نے حال ہی میں انکشاف کیا کہ اداکارہ حنا خان کے اسٹیج 3 بریسٹ کینسر میں مبتلا ہونے پر سوالات اٹھانے کے بعد انہیں شدید دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

روزلین خان نے بھارتی میڈیا کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں بتایا کہ وہ اس صورتحال پر بہت افسردہ ہیں، کیونکہ سچائی سامنے لانے کی کوشش کرنے پر انہیں مسلسل دھمکی آمیز کالز موصول ہو رہی ہیں، جن میں انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں، ریپ کی دھمکیاں اور تیزاب پھینکنے کے پیغامات شامل ہیں۔آج نیوز کے مطابق انہوں نے کہا کہ یہ سب میرے لیے ناقابل برداشت ہے۔ میں نہیں جانتی کہ یہ لوگ کون ہیں، وہ صرف اس لیے مجے پریشان کر رہے ہیں کہ میں سچ سامنے لانے کے لیے آواز اٹھا رہی ہوں۔

روزلین نے کہا کہ ان دھمکیوں کا سامنا کرنا ان کے لیے بہت اذیت ناک ہے اور یہ ان کی ذہنی سکون کو متاثر کر رہا ہے۔ ان کا دعوی ہے کہ یہ دھمکیاں حنا خان کے قریبی حلقے سے آ رہی ہیں، کیونکہ وہ اپنی باتوں کے خلاف اٹھنے والی آواز کو خاموش کرنے کے لیے ان پر دباؤ ڈالنا چاہتے ہیں۔روزلین خان نے مزید کہا کہ ان کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ سچ کو بے نقاب کریں، کیونکہ وہ خود بھی ایک کینسر سروائیور ہیں اور ان کے لیے یہ سب کچھ ناقابل برداشت ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ وہ مجھے دھمکیاں دیتے رہیں لیکن میں اپنے موقف پر ڈٹی رہوں گی حنا کو جواب دینا ہوگا، میں بس اتنا جانتی ہوں کہ ایک سیلیبرٹی ہونے کے ناطے وہ غلط معلومات پھیلانے کے لیے جوابدہ ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ ماہ، روزلین خان نے حنا خان پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ اپنے کینسر کی حالت کے بارے میں مبالغہ آرائی کر رہی ہیں تاکہ عوام کی توجہ حاصل کی جا سکے۔

ایک انٹرویو میںروزلین نے حنا خان کے 15 گھنٹوں کی سرجری کے دعوے کو بھی مسترد کیا، کیونکہ ان کے اپنے تجربے کے مطابق ایسی سرجری کے بعد وہ تین دن تک بے ہوش رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حنا خان کا سرجری کے بعد فوراً مسکراتے ہوئے باہر آنا ایک ناقابل یقین دعویٰ ہے۔

اس کے علاوہ، روزلین خان نے حنا خان کی کیمو تھراپی کے دوران دنیا گھومنے پر بھی تنقید کی اور کہا کہ یہ کینسر کے علاج کے اصولوں کے خلاف ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر حنا خان واقعی کینسر کے تیسرے مرحلے پر ہیں تو انہیں ریڈی ایشن کا سامنا کرنا پڑتا، مگر ایسا کچھ نہیں ہوا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حنا حقیقت کو چھپا رہی ہیں۔

روزلین خان نے حنا خان کو چیلنج کیا کہ اگر وہ اپنے کینسر کے علاج کے بارے میں سچ بولنا چاہتی ہیں تو اپنی میڈیکل رپورٹ عوام کے سامنے رکھیں۔ روزلین نے کہا کہ حنا خان کی تمام حرکتیں محض پبلسٹی اسٹنٹ ہیں تاکہ وہ خبروں میں رہیں اور ہمدردیاں سمیٹ سکیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *