بلوچستان: 8 فروری کے احتجاج سے قبل پی ٹی آئی سیکریٹریٹ پر چھاپہ، 3 عہدیدار گرفتار
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)8 فروری کے احتجاج سے قبل بلوچستان میں پی ٹی آئی سیکریٹریٹ پر پولیس نے چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے 3 عہدیداروں کو گرفتار کرلیا۔
ذرائع کے مطابق گرفتار ہو نے والوں میں آئی ایل ایف کے صدر، مرکزی نائب صدر اور ضلعی صدر شامل ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے اس وقت چھاپہ مارا جب 8 فروری کے احتجاج کے حوالے سے مشاورتی اجلاس ہورہا تھا۔
دوسری جانب تحریک انصاف بلوچستان کے ترجمان نے 3 پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
ترجمان نے کہاکہ ہم نے ہمیشہ پرامن طریقے سے احتجاج کیا، اس بار بھی ہمارا احتجاج کامیاب ہوگا، قانون کے دائرے میں رہ کر اپنے حقوق کا دفاع کریں گے۔
واضح رہے کہ 8 فروری کو عام انتخابات کا ایک سال مکمل ہونے پر پی ٹی آئی نے یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا ہے۔ خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی جانب سے بڑے جلسہ عام کا انعقاد کیا جائےگا، جبکہ دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں بھی اجتماعات ہوں گے۔