امریکی فنڈنگ رُکنے سے افغانستان میں 1200سے زائد حاملہ خواتین کی جان جاسکتی ہے: اقوام متحدہ
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اقوام متحدہ نےخبردار کیا ہے کہ امریکا کی امدادی فنڈنگ رُکنے سے جنوبی ایشیا میں لاکھوں خواتین متاثر ہوں گی۔
یو این پاپولیشن فنڈ کے ایشیا پیسیفک ریجنل ڈائریکٹر نے جینیوا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں فلاحی، امدادی کاموں کے لیے اقوام متحدہ کا سب سے بڑا ڈونر امریکا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ امریکی فنڈنگ رُکنے سے پاکستان، افغانستان، بنگلادیش میں یو این پاپولیشن فنڈ کی خدمات رُک جائیں گی جس سے لاکھوں خواتین اور لڑکیوں کو جان لیوا خطرات لاحق ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکی فنڈنگ رُکنے سے افغانستان میں 1200سے زائد حاملہ خواتین کی جان جاسکتی ہے۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نےعہدہ سنبھالتے ہی امریکا کی تمام غیر ملکی امداد کو 90 روز کے لیے روک دیا ہے۔
پاکستان، افغانستان اور بنگلادیش کے لیے رواں برس 30 کروڑ80لاکھ ڈالر سے زیادہ رقم درکار ہے۔