5 فروری بھارت کو یاد دلاتا ہے 5 اگست سے کشمیر اُس کا حصہ نہیں بن سکتا، وزیراعظم
بھارت اور خطے کے بہترین مفاد میں ہے کہ وہ 5 اگست 2019ء کی سوچ سے باہر نکلے، آزاد جموں کشمیر اسمبلی سے خطاب
![](https://dailyqudrat.pk/wp-content/uploads/2025/02/16-1-4.jpg)
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 5 فروری بھارت کو یاد دلاتا ہے کسی بھی 5 اگست سے کشمیر بھارت کا حصہ نہیں بن سکتا، بھارت اور خطے کے بہترین مفاد میں ہے کہ وہ 5 اگست 2019ء کی سوچ سے باہر نکلے۔
آزاد کشمیر اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ آج اس اسمبلی سے خطاب میرے لیے اعزاز ہے، حکومت اور 24 کروڑ عوام کی طرف سے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے یہاں حاضر ہوا ہوں۔
وزیراعظم نے کہا کہ بھارت مسئلہ کشمیر پر بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات کرے، بھارت اور خطے کے بہترین مفاد میں ہے کہ وہ 5 اگست 2019ء کی سوچ سے باہر نکلے۔
شہباز شریف ںے کہا کہ پانچ فروری کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے لیے ہمارے پختہ عزم کی تجدید نو کا دن ہے، ہم کشمیر کے شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں، کشمیری گزشتہ سات دہائیوں سے اپنے خون سے آزادی کی داستان لکھ رہے ہیں، بھارت کی جانب سے وادی کو خون سے سرخ کرنے کے باوجود کشمیری ڈٹے ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت لاکھوں کی فوج میں مزید اضافہ کرتا چلا جارہا ہے، بہادر کشمیریوں کی آزاد کی تڑپ اور بھی بڑھتی جارہی ہے مگر پانچ فروری بھارت کو یاد دلاتا ہے کہ کسی بھی پانچ اگست سے کشمیر بھارت کا حصہ نہیں بن سکتا، نعرہ ہی نہیں ایمان ہے یہ آزادی کے متوالوں کا، ،کشمیر کا ذرہ ذرہ کشمیر کے رہنے والوں کا۔