کرسٹیانو رونالڈو نے زندگی کی 40 بہاریں دیکھ لیں


مانچسٹر (قدرت روزنامہ)فٹبال کی دنیا کے بے تاج بادشاہ اور پرتگال کے معروف فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے زندگی کی 40 بہاریں دیکھ لیں۔
رپورٹس کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو نے انتھک محنت اور لگن سے اپنا نام بنایا، جس کے سبب دنیا بھر میں ان کے کروڑوں مداح موجود ہیں، رونالڈو نے اپنے کیریئر کے دوران 900 گول کرنے والے پہلے فٹبالر کا اعزاز بھی حاصل کرلیا۔
عالمی شہرت یافتہ فٹبالر نے 2016 میں یورو کپ جیتا، جس کلب کے لیے کھیلے اہم اثاثہ ثابت ہوئے اس کے علاوہ پرتگال کو کئی اہم فتوحات دلوائیں۔
انہوں نے اسپورٹنگ، مانچسٹر یونائیٹڈ، ریال میڈرڈ، یووینٹس اور النصر کے ساتھ کھیلتے ہوئے فتوحات حاصل کیں، 5 چیمپئنز لیگ ٹائٹل اپنے نام کیے، 5 مرتبہ بیلن ڈور ایوارڈ بھی جیتا۔
واضح رہے کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ رونالڈو دنیائے فٹبال کے عظیم کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں، انہوں نے ایک دہائی سے زائد عرصے سے اس کھیل کی دنیا پر غلبہ حاصل کیا ہے۔
رونالڈو اور میسی برسوں سے اس بحث کا حصہ رہے ہیں کہ ان دنوں میں سے بہتر کون ہے؟ رونالڈو نے خود اعتراف کیا ہے کہ میرا خیال ہے لوگ میسی، پیلے اور میراڈونا جیسے عظیم فٹبالرز کو ترجیح دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ میں اب تک کا سب سے مکمل فٹبالر ہوں، لوگ میسی، میراڈونا یا پیلے کو پسند کرتے ہوں گے اور میں اس کا احترام کرتا ہوں مگر میں ایک مکمل کھلاڑی ہوں۔
ہسپانوی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ میں نے فٹبال کی تاریخ میں اپنے سے بہتر کسی کو نہیں دیکھا اور یہ میں سچے دل سے کہہ رہا ہوں۔
انٹرویو کے دوران رونالڈو نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ان کے اور میسی کے درمیان گزشتہ 15 سالوں میں کبھی بھی خراب تعلقات نہیں رہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *