ٹریلر سے ایک لاکھ انڈے چوری کرلیے گئے
واشنگٹن (قدرت روزنامہ) امریکی ریاست پنسلوانیا میں ایک ٹریلر سے تقریباً ایک لاکھ انڈے چوری کرلیے گئے۔ حکام کے مطابق انڈوں کی چوری ایسے وقت میں ہوئی ہے جب برڈ فلو کی وبا کی وجہ سے انڈوں کی قلت پیدا ہو رہی ہے اور ان کی قیمتیں ریکارڈ سطح تک پہنچ چکی ہیں۔ یہ انڈے جن کی مالیت تقریباً 40 ہزار ڈالر بتائی جا رہی ہے، گرین کاسل میں واقع “پیٹ اینڈ جیریز آرگینکس” نامی کمپنی کے ڈسٹری بیوشن ٹریلر سے چوری کیے گئے۔ پنسلوانیا سٹیٹ پولیس کی رپورٹ کے مطابق کمپنی اس معاملے پر مقامی حکام کے ساتھ مل کر تحقیقات کر رہی ہے۔
کمپنی نے ایک بیان میں کہا “ہمیں فرینکلن کاؤنٹی، پنسلوانیا میں حالیہ واقعے کی اطلاع ہے اور ہم مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر اس کی تفتیش کر رہے ہیں۔ ہم اس معاملے کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں اور اسے جلد از جلد حل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ تاہم تحقیقات کے سبب اس پر مزید تبصرہ نہیں کر سکتے۔”
سی این این کے مطابق حال ہی میں امریکہ میں برڈ فلو کی وبا نے انڈوں کی صنعت کو شدید متاثر کیا ہے۔ لاکھوں مرغیاں اس وائرس کی نذر ہو چکی ہیں جن میں سے نصف صرف نومبر اور دسمبر میں ہلاک ہوئیں۔ امریکی محکمہ زراعت (یو ایس ڈی اے) کے مطابق برڈ فلو سے ہلاک ہونے والی مرغیوں میں زیادہ تر انڈے دینے والی مرغیاں شامل تھیں، جس کی وجہ سے انڈوں کی قلت اور قیمتوں میں اضافہ ہوا۔
دسمبر میں امریکہ میں ایک درجن بڑے گریڈ اے انڈوں کی اوسط قیمت 4.15 ڈالر تک پہنچ گئی جو نومبر میں 3.65 ڈالر تھی۔ محکمہ شماریات کے مطابق انڈوں کی قیمت میں ایک سال کے دوران 36 فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے۔
مہنگائی کے اثرات عوام کے ساتھ ساتھ ریسٹورنٹس پر بھی محسوس کیے جا رہے ہیں۔ جنوبی امریکہ میں مشہور ’وافل ہاؤس‘ نے اپنے صارفین کو آگاہ کیا ہے کہ انڈوں کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے فی انڈہ 50 سینٹ اضافی چارج کیا جائے گا۔ ریسٹورنٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انڈوں کی قیمت میں کمی آتے ہی یہ اضافی چارج بھی ختم کر دیا جائے گا۔