اسلام آباد: پتنگ بازوں کے خلاف دھمکی آمیز لہجے میں کارروائی کا اعلان کرنے والے پولیس آفیسر کے خلاف انکوائری شروع
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اسلام آباد میں نوجوانوں کو پتنگ بازی سے روکنے کے لیے دھمکی آمیز لہجے میں کارروائی کا اعلان کرنے والے پولیس آفیسر کو چارج شیٹ کرتے ہوئے محکمانہ انکوائری شروع کردی گئی۔
ترجمان اسلام آباد پولیس نے بتایا ہے کہ ایس ایچ او سیکریٹریٹ کو نامناسب الفاظ کے چناؤ پر چارج شیٹ کردیا گیا ہے اور محکمانہ انکوائری عمل میں لائی جارہی ہے۔
ترجمان نے کہاکہ پتنگ بازی ایک جرم ہے جس سے سختی سے نمٹا جارہا ہے۔ اسلام آباد پولیس پتنگ بازی جیسے خونی کھیل کے خلاف مسلسل قانونی کارروائیاں عمل میں لارہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ دھاتی ڈور انسانی جان کےلیے خطرہ ہے، پتنگ بازی کے خونی کھیل کے سبب معصوم جانوں کا ضیاع ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ترجمان نے بتایا کہ رواں ہفتہ پتنگ سازوں، ڈسٹری بیوٹرز اور فروخت کرنے والوں کے خلاف بڑی کارروائیاں عمل میں لاتے ہوئے 70 ہزار سے زیادہ پتنگ اور 10 ہزار سے زیادہ ڈور قبضہ میں لی گئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ قانون، قاعدے اور ضابطے کے مطابق پتنگ بازی کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد پولیس کے آفیسر نے کچھ روز قبل مسجد کے اسپیکر پر اعلان کیا تھا کہ جس کا بچہ پتنگ بازی کرتے ہوئے پکڑا گیا اس کے باپ کو سڑک پر پکڑ کر جوتے ماروں گا اور گھر مسمار کروں گا۔