پاکستان اور چین کے مابین مختلف شعبوں میں مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان اور چین کے مابین مختلف شعبوں میں مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب عظیم عوامی ایوان میں منعقد ہوئی۔ چینی صدر شی جن پنگ اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے تقریب میں شرکت کی۔
چین کے عظیم عوامی ایوان میں تقریب کے دوران سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبہ میں تعاون، صنعتی شعبہ، تجارتی اور اقتصادی شعبوں میں تعاون بڑھانے کی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔
پاکستان اور چین کے درمیان شعبہ صحت اور تکنیکی تعاون، میڈیا، توانائی، سماجی و اقتصادی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے سمجھوتوں پر بھی دستخط ہوئے ہیں۔
دریں اثنا صدر مملکت آصف علی زرداری اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان ملاقات بھی ہوئی ہے، صدر آصف علی زرداری جب بیجنگ میں چین کے عظیم عوامی ہال پہنچے تو چینی صدر کی جانب سے ان کا استقبال کیا گیا۔
اس موقع پر مسلح چینی افواج کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے صدر مملکت کو گارڈ آف آنر دیا گیا اور پاکستان و چین کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چین کے صدر شی جن پنگ اور آصف علی زرداری کے درمیان ملاقات بیجنگ میں گریٹ ہال آف چائنا میں ہوئی ہے، جس میں چینی باشندوں کی سیکیورٹی اور سی پیک منصوبوں پر تیزی کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔
ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وفد کے دیگر اراکین بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری چین کے صدر شی جن پنگ کی دعوت پر سرکاری دورے پر ہیں اور اعلیٰ سطحی وفد بھی صدر مملکت کے ہمراہ چین کا دورہ کر رہا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *