کوئٹہ میں مندر کی بے حرمتی اور چوری افسوسناک، ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے، پشتونخوا میپ
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے جاری کردہ بیان میں کوئٹہ کے علاقہ گولی مار چوک ہندو برادری کے شمشان گھاٹ اور مندر کے اندر توڑ پھوڑ /چوری اور توہین کرنے کے ناروا اقدام پر دُکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ملوث عناصر کے خلاف متعلقہ پولیس تھانہ کارروائی کرتے ہوئے انہیں کیفرکردار تک پہنچائیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کے آئین کے تحت ہر اقلیتی برادری کو مذہبی آزادی کا حق حاصل ہے اور ساتھ ہی پشتونخواملی عوامی پارٹی ہمیشہ اس بات پر زور دیتی رہی ہے کہ تمام مذاہب، ان کی عبادت گاہوں کا احترام گاہوں کا احترام ضروری ہے۔پشتونخوا وطن میں نسل، زبان، مذہب، فرقہ سے بالا تر ہوکر تمام انسانیت کی خدمت ان کے حقوق اور ان کے سرومال کی تحفظ کیلئے پشتونخوامیپ ہمیشہ آواز بلند کرتے ہوئے ان کے لیے عملی جدوجہد کرتی آرہی ہے۔ بیان کے آخر میں ایک بار پھر ہندو برادری کے مندر کے اندرتوڑ پھوڑ /چوری اور توہین آمیز واقعہ کی مذمت کی گئی ہے اور مستقبل میں ایسے ناروا واقعات کی روک تھام کے لیے ضروری اقدامات اٹھانے پر زور دیا گیا ہے۔