تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام بنانا سیکورٹی اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظہر ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پاک افغان سرحدی شہر چمن میں سیکورٹی فورسز اور حساس اداروں کی کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف ہماری فورسز کی بروقت اور مؤثر حکمت عملی قابل تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ چمن کے علاقے گلدار باغیچہ میں تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام بنانا سیکورٹی اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظہر ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے سیکورٹی فورسز کی اس کامیاب کارروائی پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے سیکورٹی اداروں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے دشمنوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے والے بہادر اہلکار ہمارا فخر ہیں، اور حکومت ان کی ہر ممکن حوصلہ افزائی جاری رکھے گی میر سرفراز بگٹی کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام اپنی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، اور کسی بھی قیمت پر ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *