جنوری 2025 تاریخ کا گرم ترین مہینہ قرار، درجہ حرارت کتنا رہا؟
![](https://dailyqudrat.pk/wp-content/uploads/2025/02/02-22.jpg)
برسلز (قدرت روزنامہ) دنیا بھر میں جنوری 2025 تاریخ کا سب سے گرم ترین مہینہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ یورپی یونین کے مالی تعاون سے چلنے والے کوپرنیکس کلائمیٹ چینج سروس (سی تھری ایس) نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اس مہینے کا اوسط درجہ حرارت 1991 سے 2000 کے جنوری کے اوسط درجہ حرارت سے 0.79 ڈگری سیلسیس زیادہ رہا۔ رپورٹ کے مطابق جنوری 2025 کا درجہ حرارت صنعتی انقلاب سے پہلے کے دور کے مقابلے میں 1.75 ڈگری سیلسیس زیادہ تھا، جبکہ یورپی خطے میں یہ فرق 2.51 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا۔
یورپ کے علاوہ سب سے زیادہ درجہ حرارت شمال مشرقی اور شمال مغربی کینیڈا، الاسکا اور سائبیریا میں ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ، جنوبی امریکہ، افریقہ، آسٹریلیا اور انٹارکٹیکا کے بڑے حصے بھی معمول سے زیادہ گرم رہے۔ سمندری سطح کا درجہ حرارت بھی غیر معمولی حد تک بلند رہا، جہاں 60 ڈگری شمال سے 60 ڈگری جنوب کے درمیان اوسط درجہ حرارت 20.78 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا، جو کہ جنوری کے مہینے میں دوسرا سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے۔ اس سے پہلے، جنوری 2024 اس حوالے سے سب سے گرم ترین مہینہ تھا۔