کراچی: 24 گھنٹوں کے دوران مختلف ٹریفک حادثات میں 9 افراد کیسے جان بحق ہوئے ؟
کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران حادثات میں 9 افراد کے جاں بحق ہونے سے متعلق ٹریفک پولیس نے حادثات کی وجوہات بتا دیں۔ ٹریفک پولیس کے مطابق مہران ہائی وے لانڈھی کے قریب حادثہ موٹرسائیکل سلپ ہوجانے کے باعث پیش آیا۔ حادثے میں شفیق نامی شخص جاں بحق ہوا جسے پیچھے سے آنیوالی گاڑی نے ٹکر ماری۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق کھوکھراپار بس کا حادثہ بریک پریشر پائپ پھٹ جانے کے باعث پیش آیا۔ اس حادثے میں ماں بسمہ اور بیٹی ارحم جان سے گئے۔
راشد منہاس روڈ ہونے والا حادثہ ڈمپر کے بریک فیل ہوجانے باعث پیش آیا جس میں خاتون سمیت تین افراد جاں بحق ہوئے اور ایک زخمی ہوا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق لیاری ندی ایوب شاہ بخاری مزار کے قریب موٹرسائیکل سلپ ہونے سے حادثہ پیش آیا جا کے باعث اسمعیل نامی شخص جاں بحق ہوا اور 3 بچے زخمی ہوئے۔
ملیرہالٹ پل کے قریب نامعلوم گاڑی سے ایک موٹرسائیکل کو ٹکر ہوئی جس کے باعث باپ سلیم اور بیٹا عفان جاں بحق ہوئے جبکہ ماں زخمی ہوئی۔ بھینس کالونی میں موٹرسائیکل سوار نے راہگیر کو ٹکر ماری جس کے باعث راہگیر سعید جاں بحق ہوگیا۔
ترجمان ٹریفک پولیس کی تفصیلات کے مطابق شہر میں رواں سال 99 جان لیوا حادثات ہوئے۔ ہیوی ٹریفک سے 32 حادثات رپورٹ ہوئے۔ ڈمپر سے ہونیوالے 3 حادثات میں 5 افراد مارے گئے۔ ٹریلر سے ہونیوالے 10 حادثات میں 12 افراد جان سے گئے۔ ٹرک سے ہونیوالے 13 حادثات میں 13 افراد مارے گئے۔ واٹرٹینکرز نے 5 حادثات میں 8 افراد کو کچل ڈالا۔ آئل ٹینکر سے ہونیوالے ایک حادثے میں ایک شخص جان سے گیا۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق قانونی خلاف ورزیوں پر ہیوی ٹریفک کے 34655 چالان کیے گئے۔ جب کہ خطرناک طریقے سے گاڑیاں چلانے پر 489 ڈرائیورز کو گرفتار کیا گیا۔