امریکا سے بھارتیوں کی بیدخلی پر وزیر خارجہ جے شنکر کو وضاحت کیوں کرنا پڑی؟
![](https://dailyqudrat.pk/wp-content/uploads/2025/02/00-126.jpg)
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)امریکی فوجی طیارہ 100 سے زیادہ غیر قانونی بھارتی تارکین وطن کو لے کر گزشتہ روز امرتسر کے شری گرو رام داس جی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترا، جہاں بھارتی حکام کے مطابق بیشتر تارکین وطن کے ہاتھ اور پاؤں بندھے ہوئے تھے۔
امریکی حکام نے بدھ کو ایک فوجی پرواز میں 104 غیر قانونی بھارتی تارکین وطن کو ملک بدر کیا تھا، جن کی بھارتی ریاست پنجاب کے شہر امرتسر آمد پر ان رپورٹس کے سامنے کے بعد سیاسی طوفان برپا ہوگیا کہ کچھ جلاوطن بھارتی شہریوں کو پورے سفر میں ہاتھ اور پاؤں باندھ کر رکھا گیا تھا۔
بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے اس ضمن میں اٹھنے والے شور پر کہا کہ حکومت کے لیے قانونی امیگریشن کی حوصلہ افزائی کرنا بہت ضروری ہے، یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ غیر قانونی طور پر مقیم بیرون ملک گرفتار کیے گئے اپنے شہریوں کو واپس لے۔
ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران، جلاوطن افراد نے حکام کو بتایا کہ وہ مختلف ایجنٹوں کا استعمال کر چکے ہیں اور پکڑے جانے سے پہلے متعدد مقامات پر ٹھہرے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ان ہندوستانیوں نے غیر قانونی طور پر امریکا میں داخل ہونے کے لیے بھاری رقم ادا کی، انہیں مختلف ایجنٹوں کے ذریعے دھوکا دیا گیا لیکن انہوں نے رضاکارانہ طور پر ملک میں داخل ہونے کے لیے غیر قانونی راستوں کا انتخاب کیا۔
امریکا سے ملک بدر کیے گئے بھارتی شہریوں کے معاملہ پر راجیہ سبھا میں خطاب کرتے ہوئے، بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر کا کہنا تھا کہ تمام ممالک کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے شہریوں کو واپس لیں اگر وہ غیر قانونی طور پر بیرون ملک مقیم پائے جاتے ہیں۔
جے شنکر نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ امریکا بدر ہونے والوں کو پورے سفر کے دوران ہاتھ پاؤں باندھ کر جہاز پر رکھا گیا تھا، تاہم خواتین اور بچوں کو استثنیٰ تھا۔
’امریکا کی طرف سے ملک بدری امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ اتھارٹی کے ذریعہ منظم طور پر عمل میں لائی جاتی ہے، اتھارٹی کے ذریعے استعمال ہونے والے ہوائی جہاز کے ذریعے ملک بدری کے رہنما اصول 2012 سے موثر ہیں، جس کے تحت بیدخل تارکین وطن کی نقل وحرکت کو محدود کرنے کے لیے ایسا کیا جاتاہے۔‘
بھارتی پنجاب پہنچنے پر مقامی حکام نے مرکزی ایجنسیوں کے ساتھ ان سے پوچھ گچھ شروع کر دی ہے، الزامات ویزا کی خلاف ورزیوں سے لے کر غیر مجاز نیٹ ورکس میں ملوث ہونے تک ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کچھ کو ایجنٹوں کے ذریعے گمراہ کیا گیا، جبکہ دیگر نادانستہ طور پر ایک بڑی اسکیم کا حصہ بن گئے، پنجاب کے سمندر پار بھارتیوں سے متلعقہ امور کے وزیر کلدیپ سنگھ دھالیوال کے مطابق ڈی پورٹ کیے گئے بھارتی صحت مند ہیں۔
’مودی جی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنا دوست کہتے ہیں، میں پی ایم مودی جی سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اس مسئلے کا حل تلاش کرنے کے لیے ٹرمپ سے بات کریں۔‘