برطرف جج ارشد ملک کی بیوہ کی درخواست پر رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ کو نوٹس جاری
![](https://dailyqudrat.pk/wp-content/uploads/2025/02/00-145.jpg)
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سپریم کورٹ نے احتساب عدالت اسلام آباد کے سابق جج ارشد ملک کی بیوہ کی جانب سے پینشن کے لیے دائر درخواست پر رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں عدالت طلب کرلیا ہے۔
سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں سپریم کورٹ میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔
وکیل درخواست گزار کا موقف تھا کہ جج ارشد ملک کو لاہور ہائی کورٹ نے برطرف کیا تھا، ارشد ملک سیاسی افراد کے ریفرنس سن رہے تھے۔
جسٹس حسن اظہر رضوی کا کہنا تھا کہ جج کا کیا کام ہے کہ سیاسی افراد سے گھروں میں ملاقاتیں کرے، وکیل درخواست گزار کا موقف تھا کہ ارشد ملک کی برطرفی کیخلاف اپیل زیرالتوا تھی جب ان کا انتقال ہوا۔
وکیل درخواست گزار کا موقف تھا کہ قانون کے مطابق نظرثانی یا اپیل صرف متاثرہ جج کر سکتا ہے بیوہ نہیں، لیکن انسانی بنیادوں پر استدعا ہے کہ ارشد ملک کی برطرفی کو جبری ریٹائرمنٹ میں تبدیل کیا جائے۔
احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک نے نوازشریف کیخلاف العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز پر ان کیخلاف فیصلے دیے تھے، بعد ازاں ارشد ملک کو ویڈیو اسکینڈل پر برطرف کردیا گیا تھا۔