چیمپئنز ٹرافی، سٹیڈیم کی تعمیر مکمل ہونے پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا بڑا اعلان

لاہور (قدرت روزنامہ )چیئر مین پی سی بی نے کہاہے کہ محمد رضوان نیک نیت اورمحنتی کپتان ہیں، ان کی قیادت میں ہم چیمپئنز ٹرافی ضرور جیتیں گے ، ہمارے مزدور بھائی سٹیڈیمز کی تعمیر کے دوران ٹک ٹاکرز بھی بن گئے ہیں، ان کی ٹک ٹک ویڈیوز سے جو اپ ڈیٹ ملتی تھی وہ کہیں اور سے نہیں ملتی تھی ، میں وزیراعظم سے درخواست کروں گا کہ سٹیڈیم کی تعمیر میں دن رات محنت کرنے والوں کیلئے انعام کا اعلان کیا جائے۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے مزدوروں کیلئے دیئے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کافی سارے لوگ پیغامات پر مبارک باد دے رہے ہیں کہ آپ نے سٹیڈیم بنا دیا لیکن میں سمجھتاہوں کہ آپ لوگوں نے یہ سٹیڈیم بنایاہے ، ہر وہ مزدور ، ایک لڑکے نے بتایا کہ میں دو مہینے سے گھر نہیں گیا، مزدوروں نے 14 ، 14 گھنٹے کام کیا ہے ، اچھی بات یہ ہے کہ اس میں بہت سارے ٹک ٹاکر بن گئے ہیں، ہم اسے مس کریں گے، ہم اگلے سٹیڈیم کی تعمیر کا انتظار کریں گے کہ جب وہ تعمیر ہو گا تو آپ اس میں واپس آئیں گے ۔ جو اپ ڈیٹ مزدور بھائیوں کے ٹک ٹاک ویڈیوز سے ملتی تھیں وہ کہیں سے نہیں ملتی تھیں۔

کنٹریکٹرز ، نیسپاک نے اس ناممکن کو ممکن بنایا ، وہ تمام مبارک باد کے مستحق ہیں، انہوں نے یہ ایک معجزہ کیاہے ، نیسپاک کی ٹیم نے جس طرح دن رات کام کیاہے وہ بھی قابل تعریف ہے ، یہ نیسپاک کیلئے بھی انوکھا پراجیکٹ تھا، اصل دولہے ہمارے ایف ڈبلیو او کے میجر صاحب اور بریگیڈیئر صاحب ہیں ، ان دونوں نے جس طریقے سے دن رات ایک کر کے اس ملک کا نام روشن کرنے کیلئے کام کیاہے اس کی جزا انہیں اللہ دے گا، آج شام وزیراعظم افتتاح کیلئے آ رہے ہیں، ان سے بھی یہی درخواست کرنی ہے کہ جن بھی لوگوں نے اس میں کام کیاہے ان کیلئے ایوارڈز کا اعلان کیا جائے ۔

پی سی بی کی ٹیم جو اس پراجیکٹ کے ساتھ منسلک رہی ، میں اس دن کی بات کروں گا جس دن ہم نے بلڈنگ کو گرانے کا فیصلہ کیا، سب لوگ گھبرائے ہوئے تھے کہ یہ گر جائے گی تو بنے گی نہیں، اس ٹائم ہمارے سلمان ، ناصر ، سمیر ، جواد نے کام سنبھالا۔ مجھے قیمتی شخص عثمان باجوہ دینا پڑا، ان سب نے مل کر جس طریقے سے اسے ممکن بنایا وہ قابل تعریف ہے ۔ کل رات میں جب پاکستان پہنچا تو یہ علی الصبح بھی کام کر رہے تھے ، فنشنگ کا کام جاری تھا، یہ محسن نقوی کا کارنامہ نہیں ہے یہ پوری ٹیم کی کاوش ہے ، کامیابی ٹیم کو ملتی ہے ، یہ پراجیکٹ ہمارے لیے چیلنج اس لیے بن گیا تھا کیونکہ بہت سارے ہمارے دوستوں نے یہ چیلنج کر رکھا تھا کہ یہ ممکن نہیں ہوگا، ہم روز سنتے تھے کہ یہ نہیں ہو سکتا، اتنے دنوں میں کیسے ممکن ہو سکتا ہے ، لیکن اللہ کا کرم شامل ہے ، جس کے بغیر یہ ممکن نہیں تھا ۔ ہم سب سے زیادہ اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں ۔

ہمارے لیئے آگے ابھی سہہ فریقی سیریز ہے اور پھر چیمپئنز ٹرافی ہے ، آپ سے درخواست ہے کہ دعا کریں کہ یہ خیریت سے گزرے اور پاکستان کامیاب ہو، رضوان نیک نیت کپتان ہیں ، رضوان کی قیادت میں ہم یہ چیمپئنز ٹرافی ضرور جیتیں گے ، میں ان لوگوں کا بھی شکریہ ادا کرتاہوں جو کروڑوں میں ہیں جو دعائیں کرتے تھے اللہ اس سٹیڈیم کو مکمل کروا دے ، یہ سٹیڈیم تو بن گیاہے اس کی یادیں ہمارے ساتھ رہیں گی ، میڈیا ٹیم نے بھی کلیدی کردار ادا کیاہے ، جو بین الاقوامی سطح پر چیلنج کا جواب دیتے رہے ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *