سلمان خان کے قتل کی سازش میں گرفتار 2 ملزمان کو ضمانت مل گئی
ممبئی (قدرت روزنامہ) بمبئی ہائی کورٹ نے جمعہ کے روز ان دو افراد کو ضمانت دے دی جو گزشتہ سال بالی وڈ اداکار سلمان خان کو قتل کرنے کی مبینہ سازش میں گرفتار کیے گئے تھے۔ پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق جسٹس این آر بورکر نے گورو بھاٹیہ عرف سندیپ بشنوئی اور واسپی محمود خان کی ضمانت کی درخواستیں منظور کر لیں۔
نوی ممبئی پولیس نے گزشتہ سال دعویٰ کیا تھا کہ ان دونوں ملزمان نے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر سلمان خان کے پنویل فارم ہاؤس، ممبئی کے علاقے باندرہ میں ان کی رہائش گاہ اور ان مقامات کی ریکی کی تھی جہاں وہ فلموں کی شوٹنگ کے لیے جاتے تھے۔ اس کے بعد، پولیس نے گینگسٹر لارنس بشنوئی کے گینگ کے 18 ارکان کے خلاف اداکار کو قتل کرنے کی مبینہ سازش کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔
واضح رہے کہ اپریل 2024 میں بشنوئی گینگ کے دو افراد نے سلمان خان کے باندرہ اپارٹمنٹ کے باہر فائرنگ بھی کی تھی۔ ایف آئی آر میں گینگسٹر لارنس بشنوئی جو اس وقت احمد آباد کی جیل میں ایک اور مقدمے میں قید ہیں، ان کا مفرور بھائی انمول، سمپت نہرا، گولڈی برار اور روہت گودھارا سمیت دیگر افراد کے نام شامل کیے گئے تھے۔