’شکر ہے اس میں آئمہ بیگ کو شامل نہیں کیا‘، چیمپیئنز ٹرافی کے آفیشل ترانے پر صارفین کے تبصرے
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے چیمپیئنز ٹرافی کے لیے آفیشل ترانہ ’جیتو بازی کھیل کے‘ جاری کردیا ہے اور ساتھ لکھا کہ ’انتظار ختم ہوا‘۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں عاطف اسلم نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے، ویڈیو میں پاکستان اور بھارت سمیت ٹورنامنٹ میں شریک تمام ممالک کے جھنڈے دکھائے گئے ہیں، ترانے میں رقص کرتے نوجوانوں نے مختلف ٹیموں کی شرٹس بھی پہنی ہوئی ہیں۔
ترانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ اور صارفین اس پر مختلف تبصرے کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ ایک صارف نے ترانے پر تبصرہ کرتے پوئے کہا کہ سارا بجٹ گلوکار کو دے کر ایک ہی گلی میں سائیڈ آرٹسٹ کے ساتھ شوٹ کر لیا ہے۔
عشاء نامی صارف لکھتی ہیں کہ شکر ہے اس ترانے میں آئمہ بیگ کو شامل نہیں کیا۔
اقصیٰ نے آئی سی سی کی جانب سے ریلیز کیے گئے ترانے پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’کیا وائب ہے‘۔
دانش نامی ایکس صارف نے لکھا کہ ’عاطف اسلم کبھی ہمیں مایوس نہیں کریں گے‘۔
ایک صارف نے گلوکار علی ظفر کا گایا ہوا پی ایس ایل کا نویں سیزن کا ترانہ شیئر کیا اور لکھا کہ اس کو کوئی نہیں ہرا سکتا۔
ایک ایکس صارف نے لکھا کہ عاطف اسلم سے بہتر ترانے کی امید کی تھی۔
واضح رہے کہ چیمپیئنز ٹرافی کا آغاز 19 فروری کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا، جہاں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان افتتاحی میچ کھیلا جائے گا۔ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیمیں 23 فروری کو دبئی میں آمنے سامنے ہوں گی۔
آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں کل 8 ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں پاکستان، آسٹریلیا، انگلینڈ، انڈیا، افغانستان، بنگلہ دیش، جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ شامل ہیں۔ ان 8 ٹیموں کو 2 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔
گروپ اے میں میزبان پاکستان، انڈیا، نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش شامل ہیں۔ جبکہ گروپ بی میں آسٹریلیا، انگلینڈ، افغانستان اور جنوبی افریقہ کو شامل کیا گیا ہے۔
انڈین ٹیم اپنے تینوں گروپ میچ دبئی میں کھیلے گی جبکہ ٹورنامنٹ کا پہلا سیمی فائنل بھی دبئی میں کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کا دوسرا سیمی فائنل اور فائنل لاہور میں شیڈول کیے گئے ہیں تاہم اگر انڈین ٹیم چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں پہنچتی ہے تو اس صورت میں فائنل میچ بھی دبئی میں کھیلا جائے گا۔