بلوچستان بھر میں دفعہ 144 نافذ
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان بھر میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی حکومت بلوچستان نے صوبے میں امن و امان کی صورت حال کو بہتر بنانے اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ضابطہ فوجداری 1898″ کے سیکشن 144 کے تحت پابندیاں عائد کر دیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ صوبے میں امن و امان کی خرابی اور عوامی زندگیوں کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات ضروری ہیں۔حکومت نے سیکشن 144 سی آر پی سی 1898 کی ذیلی دفعہ (6) کے تحت عطا کردہ اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے پانچ یا اس سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس پابندی کا مقصد ہتھیاروں کی نمائش استعمال، دھرنوں، جلوسوں اور ریلیوں کو روکنا ہے یہ پابندیاں پندرہ (15) دن کی مدت کے لیے فوری طور پر نافذ کی گئی ہیں۔حکومت بلوچستان نے اس فیصلے کو عوامی تحفظ، زندگیوں کے تحفظ اور صوبے میں امن و امان کی بحالی کے لیے ضروری قرار دیا ہے اور عوام سے تعاون کی اپیل کی ہے۔