خضدار: مغویہ آسمہ جتک بازیاب، ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی کی تصدیق
خضدار(قدرت روزنامہ) خضدار کی تحصیل زہری سے مغویہ آسمہ جتک کو بازیاب کرالیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی نے اس کامیاب کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مختلف دشوار گزار علاقوں میں لیویز اور پولیس نے متعدد چھاپے مارے اور بالآخر مغویہ کو بحفاظت بازیاب کر لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق آسمہ جتک کی بازیابی کے دوران تمام خفیہ سیکیورٹی اداروں نے بھرپور معاونت فراہم کی۔ انہوں نے بتایا کہ اس کیس میں 14 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ مقدمے میں ملوث دو اہم ملزمان بھی قانون کی گرفت میں آچکے ہیں۔
چھاپے اور مزید گرفتاریاں جاری
ڈی سی خضدار نے مزید بتایا کہ ایف آئی آر میں نامزد دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری مستعدی سے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات سے لیویز اور پولیس کی جانب سے آپریشن جاری تھا اور آج کامیابی حاصل ہوئی، جس کے بعد مغویہ کو خضدار منتقل کیا جا رہا ہے۔
یاسر اقبال دشتی نے اس کامیابی پر لیویز، پولیس اور سیکیورٹی اداروں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔