جب سلمان خان دوران پرواز موت سے بال بال بچے، اداکار نے سنسنی خیز واقعہ سنا دیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بالی ووڈ اسٹار سلمان خان نے اپنی زندگی کا ایک یادگار واقعہ بیان کردیا ہے جس میں انہیں جہاز میں ناہموار پرواز یعنی ’فلائٹ ٹربولنس‘ کی وجہ سے موت کے روبرو کھڑا ہونا پڑا۔
سلمان خان نے حال ہی میں اپنے بھتیجے ارحان خان کے ساتھ پوڈکاسٹ میں انکشاف کیا ہے کہ انہیں ایک مرتبہ سری لنکا میں ایوارڈ شو سے لوٹتے ہوئے پروازی کی ناہمواری یعنی فلائٹ ٹربولنس کا سامنا کرنا پڑا جو 45 منٹ تک جاری رہا۔
سلمان خان کے مطابق اس سفر میں ان کے چھوٹے بھائی سہیل خان اور بھارتی اداکارہ سوناکشی سنہا بھی ان کے ہمراہ تھے۔ سلمان خان کے مطابق سہیل خان اس ہنگامہ آرائی دوران بغیر کسی پریشانی کے سوتے رہے جبکہ جہاز میں سفر کرنے والے تمام لوگوں کو شدید خوف لاحق تھا۔
انہوں نے کہا کہ ’فلائٹ ٹربولنس‘ کے دوران جب انہوں نے مسافروں کے ساتھ ساتھ جہاز کے پائلٹ اور ہوائی میزبانوں کو بھی خوفزدہ دیکھا تو ان کے ڈر میں اور بھی اضافہ ہوا کیوں کہ جہاز کا عملہ عموماً ایسے حالات میں خوفزدہ نہیں ہوتا، ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کا منظر انہوں نے اس سے قبل صرف فلموں میں دیکھا تھا۔
سلمان خان کے مطابق پروازی کی یہ ناہمواری تقریباً 40 منٹ تک جاری رہنے کے بعد ختم ہوئی اور مسافر ایک بار پھر سے معمول کی طرف لوٹ گئے اور بات چیت شروع کی تاہم جلد ہی یہ سلسلہ پھر سے شروع ہوا اس بار تقریباً 10 منٹ تک جاری رہا جس کے بعد جہاز نے باحفاظت لینڈنگ کی۔