کراچی میں خاتون سے نازیبا حرکت کرنے والا گرفتار،ویڈیو سامنے آگئی

ملزم کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا، پولیس


کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں خاتون سے نازیبا حرکت کرنے والے ملزم کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق فیڈرل بی ایریا بلاک 14 نزد مصطفیٰ مسجد کے قریب کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں ایک موٹرسائیکل سوار ملزم کی جناب سے خاتون سے بدتمیزی کی گئی تھی۔ ویڈیو پر ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی گرفتاری کے احکامات دیئے تھے۔
جوہر آباد پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کو گرفتارکرلیا۔ گرفتارملزم کی شناخت محمد کاشف ولد غلام نازک کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزم بلاک 14 فیڈرل بی ایریا کا رہائشی ہے اورایک سپراسٹورمیں بحیثیت سیلزمین کام کرتا ہے۔ ملزم کاشف نے اپنے جرم کا اقرارکیا ہےگرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکےتفتیشی ٹیم کے حوالے کردیا گیا ہے۔