ایشین فٹبال کپ کوالیفائرز 2027 سے پاکستان کے باہر ہونے کا خدشہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)فیفا کی جانب سے پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف (کو معطل کیے جانے کے سبب ایشین کپ کوالیفائرز 2027 میں پاکستان کی شرکت خطرے میں پڑ گئی۔
ایشین فٹ بال کنفیڈریشن (اے ایف سی) کی طرف سے جاری کردہ ایک خط کے مطابق پاکستان کی مردوں کی قومی ٹیم فی الحال 2027 کے ایشین کپ کوالیفائرز میں شرکت کے لیے نااہل ہے تاوقتیکہ منگل 4 تک مذکورہ معطلی اٹھا نہ لی جائے۔
پی ایف ایف کی معطلی 6 فروری 2025 کو نافذ ہوئی تھی جس کا مطلب ہے کہ پی ایف ایف نے اپنی رکنیت کے حقوق کھو دیے ہیں اور اب وہ معطلی ہٹنے تک بین الاقوامی مقابلوں بشمول ایشین کپ کوالیفائرز میں شامل نہیں ہو سکے گی۔ کوالیفائرز 25 مارچ 2025 کو شروع ہونے والے ہیں۔
اے ایف سی نے پی ایف ایف کو ایک سخت ڈیڈ لائن دی ہے کہ اگر کوالیفائر شروع ہونے سے 3 ہفتے قبل 4 مارچ 2025 تک معطلی نہیں اٹھائی گئی تو پاکستان ٹورنامنٹ سے دستبردار ہونے پر مجبور ہو جائے گا۔
اس سے پی ایف ایف کے پاس مسائل کو حل کرنے کے لیے بہت کم وقت باقی رہ جاتا ہے کیونکہ اسے مقابلہ کی مختلف ضروریات جیسے کہ ٹیم کی رجسٹریشن اور میچ کی تصدیق کو بھی پورا کرنا ہوگا۔
فیفا کی جانب سے پی ایف ایف کی حالیہ معطلی پاکستان کے فٹبال کے حوالے سے عزائم کے لیے ایک اہم دھچکا ہے۔ اے ایف سی ایشین کپ کوالیفائرز سے محروم ہونا نہ صرف ٹیم کے مسابقتی مستقبل کو متاثر کرے گا بلکہ ملک کے اندر کھیل کی مزید ترقی میں بھی رکاوٹ بنے گا۔
ایشین کوالیفائرز کی ڈیڈ لائن کے قریب آنے کے ساتھ ساتھ تمام نظریں پی ایف ایف اور فیفا پر ہیں تاکہ یہ تعین کیا جا سکے کہ آیا پاکستان کی جانب سے ایشیا کے سب سے بڑے فٹ بال مقابلوں میں سے ایک میں شرکت کے لیے معطلی بروقت ختم ہو جائے گی۔
واضح رہے کہ حال ہی میں فیفا نے فیفا پاکستان فٹبال فیڈریشن کو فوری طور پر معطل کردیا ہے اور پاکستان کی ٹیموں پر انٹرنیشنل ایونٹس میں شرکت پر پابندی عاٸد کردی ہے۔
اس کی وجہ یہ بیان کی گئی کہ پی ایف ایف اپنے آئین میں وہ ترامیم شامل کرنے میں ناکام رہی جو شفاف اور جمہوری انتخابات کو یقینی بنانے اور فیفا کے طے شدہ اصولوں کے مطابق پی ایف ایف کی نارملائزیشن کا عمل مکمل کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔ ۔ معطلی کے سبب پاکستان کو فیفا سے ملنے والے فنڈز کی فراہمی بھی معطل ہوجائے گی۔
فیفا کا کہنا تھا کہ پی ایف ایف کی معطلی اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک پی ایف ایف کانگریس فیفا اور ایشین فٹبال کنفیڈریشن (اے ایف سی) کی جانب سے پیش کردہ آئینی ترامیم کی منظوری نہیں دے دیتی۔