ہانیہ عامر بالی ووڈ سے کام کی پیشکش قبول کریں گی لیکن کس شرط پر؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستانی باصلاحیت، مایہ ناز اور معروف اداکارہ ہانیہ عامر کا کہنا ہے کہ اگر انہیں بالی ووڈ سے کام کرنے کی پیشکش ہوئی تو وہ ضرور اس پر سوچیں گی۔
ہانیہ عامر نے حال ہی میں لندن میں ایک فنڈ ریزنگ پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے حاضرین کے مختلف سوالات کے جواب بھی دیے۔ ایک مداح نے دورانِ پروگرام اداکارہ سے سوال کیا کہ اگر بالی ووڈ اور خاص طور پر کرن جوہر کی جانب سے انہیں فلم کی پیشکش ہوئی تو کیا وہ اس پیشکش کو قبول کریں گی؟
ہانیہ عامر نے اس کا جواب دیتے ہوئے کہا بالکل! اگر پیشکش آتی ہے اور پراجیکٹ اچھا ہوا تو وہ ضرور کام کریں گی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل ماورا حسین، ماہرہ خان اور فواد خان جیسے پاکستانی ستاروں نے بالی ووڈ میں اپنے کام سے ہندوستانی ناظرین کو متاثر کیا۔
مانچسٹر میں منعقدہ تقریب میں ہانیہ عامرسے جب پوچھا گیا کہ کیا وہ کبھی بالی ووڈ فلموں یا میوزک ویڈیوز میں کام کریں گی۔ تو انہوں نے جواب دیا کہ ’جب بھی یہ سوال پوچھا جاتا ہے، ایسا لگتا ہے جیسے یہ کرنا کچھ غلط ہے۔ لیکن یہ فن ہے، اور مجھے اس سے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ اور مجھے یہ محسوس ہوتا ہے کہ میں اس میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتی ہوں، تو کیوں نہیں؟‘۔
ہانیہ عامر پاکستانی شوبز انڈسٹری کا ایک مشہور نام ہیں۔ انہوں نے اپنے کیرئیر کا آغاز 2016 میں فلم ’جانان‘ سے کیا اور پھر ڈرامہ ’عشقیہ‘ میں اپنی اداکاری سے بڑے پیمانے پر انہیں پہچان ملی۔ اس کے بعد انہوں نے ’میرے ہمسفر‘ اور ’مجھے پیار ہوا تھا‘ جیسی مشہور سیریز میں اداکاری کی، جس نے نہ صرف پاکستان بلکہ ہندوستان میں بھی بے پناہ مقبولیت حاصل کی۔
ان کے حالیہ ڈرامے ’کبھی میں کبھی تم‘ نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا، اس ڈرامے میں فہد مصطفیٰ کی 10 سال بعد ٹیلی ویژن پر واپسی ہوئی، اور اس کو ہندوستان میں بے پناہ محبت ملی۔ ڈرامے میں جاوید شیخ، بشریٰ انصاری، عماد عرفانی، اور نعیمہ بٹ نے بھی مرکزی کردار ادا کیے۔