سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر میں نمایاں اضافہ، سعودی عرب سرفہرست

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سمندر پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق جنوری 2025 میں سمندر پار پاکستانیوں نے 3.0 ارب ڈالر پاکستان بھیجے ہیں، جس سے ترسیلات زر میں سال بسال 25.2 فیصد اضافہ ظاہر ہوتا ہے۔
سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی گئی ترسیلات زر میں جولائی تا جنوری مالی سال 2025 کے دوران مجموعی طور پر 20.8 ارب ڈالر آئے، جو جولائی تا جنوری مالی سال 2024 کے دوران موصول شدہ 15.8 ارب ڈالر کے مقابلے میں 31.7 فیصد اضافہ ہے۔
جنوری 2025 کے دوران سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے 728.3 ملین ڈالر پاکستان بھیجے، متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں نے 621.7 ملین ڈالر، برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں نے 443.6ملین ڈالر پاکستان بھیجے۔
ریاست ہائے متحدہ امریکا میں مقیم پاکستانیوں نے 298.5 ملین ڈالر پاکستان بھیجے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر پی ٹی آئی نے سول نافرنی تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا تھا، ترجمان پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم کے مطابق تحریک کا پہلا مرحلہ جاری ہے، جس میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو کال دی گئی ہے کہ وہ اپنی ترسلات پاکستان نہ بھجوائیں۔
پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ وقاص اکرم نے کہا تھا کہ عمران خان کی ہدایت کے مطابق حکومت سے مذاکرات کے دوران 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن کے قیام کے بعد کال واپس لی جاسکتی ہے۔