ریاض، میں آئی ٹی کی بین الاقوامی نمائش ’لیپ‘ کا دوسرا دن کیسا رہا؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں آئی ٹی کی بین الاقوامی نمائش ’لیپ‘ 2025 کا دوسرا دن مزید جوش، جدت اور حیران کن انکشافات سے بھرپور رہا۔ جہاں پہلے دن عالمی ٹیکنالوجی ماہرین نے مستقبل کی راہیں متعین کیں، وہیں آج ایونٹ میں مصنوعی ذہانت، بائیوٹیک، اسپیس ٹیک اور اسمارٹ سٹیز کے میدان میں انقلابی پیشرفت متعارف کروائی گئیں۔
جدید ترین روبوٹس، خودکار گاڑیاں اور ذہانت سے بھرپور سافٹ ویئرز ہر کسی کی توجہ کا مرکز بنے رہے، اسٹارٹ اپ زون میں نوجوان کاروباریوں نے اپنی اختراعات پیش کیں، جبکہ سرمایہ کاروں اور انٹرپرینیورز کے درمیان نتیجہ خیز ملاقاتیں ہوئیں۔
سعودی وژن 2030 کے تحت ڈیجیٹل معیشت کی ترقی کے عزم کو مزید تقویت ملی، ریاض اب محض مشرق وسطیٰ کا نہیں بلکہ عالمی سطح پر ٹیکنالوجی کی قیادت سنبھالنے والا مرکز بن چکا ہے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب میں آئی ٹی کی بین الاقوامی نمائش لیپ کا آغاز گزشتہ روز شروع ہوئی تھی، جس میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے 1800 سے زائد کمپنیوں کی جانب سے اسٹالز لگائے گئے ہیں۔
پاکستانی پویلین کا افتتاح وزیر مملکت انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ نے کیا، پاکستان سے 80 کمپنیوں نے اسٹالز لگائے ہیں جو لوگوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔
کانفرنس میں مصنوعی ذہانت، انٹرنیٹ آف تھنگز، بگ ڈیٹا، بائیوٹیک، اور بلیک چین جیسی جدید ٹیکنالوجیز پر روشنی ڈالی جائے گی، جبکہ دنیا کے نامور ماہرین ان شعبوں میں ہونے والی پیشرفت اور ان کے اثرات پر گفتگو کریں گے۔
اس کے علاوہ لیپ 2025 میں مختلف ورکشاپس، سیمینارز اور پینل ڈسکشنز کا بھی انعقاد کیا جارہا ہے، جہاں نئی اختراعات اور ٹیکنالوجی کے میدان میں آنے والے چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا جائےگا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *