’ہمیں میڈیا نہیں ہمارے فینز بناتے ہیں‘،فیروز خان کی حمایت میں حمائمہ ملک سامنے آگئیں


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مقبول اداکار فیروز خان کے پریس کانفرنس میں ڈھائی گھنٹے تاخیر سے پہنچنے پر اداکار اور خاتون صحافی کے درمیان بحث کی ویڈیو وائرل ہوئی، جس پر اب اداکار فیروز خان کی بہن حمائمہ ملک اپنے بھائی کی حمایت میں سامنے آ گئی ہیں۔
حمائمہ ملک کی فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی اداکار، اسٹار، ٹک ٹاکر یا یو ٹیوبر کو میڈیا نہیں بناتا۔ ہمیں ہمارے مداح بناتے ہیں، آپ لوگ یہ بات مانتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیا ایک ذریعہ ہوتا ہے جہاں سے ہم لوگوں تک پہنچتے ہیں۔
حمائمہ ملک کے اس بیان پر صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ فینز بھی میڈیا کے ذریعے ہی بنتے ہیں تو کسی نے کہا کہ یہ پورا خاندان ہی توجہ لینے کے لیے ایسی حرکتیں کرتا ہے۔
واضح رہے کہ اداکار فیروز خان اور ایک خاتون صحافی کے درمیان تلخ کلامی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، یہ واقعہ ایک پریس کانفرنس کے دوران پیش آیا۔
خاتون کا کہنا تھا کہ میڈیا کو سختی سے 3بجے پہنچنے کی تاکید کی گئی تھی، مگر فیروز خان کی دیر سے آمد کی وجہ سے میڈیا کے بیشتر نمائندے جا چکے ہیں۔
خاتون صحافی نے کہا کہ فنکاروں کو شہرت اللّٰہ کے کرم کے ساتھ ساتھ مداحوں اور میڈیا کی سپورٹ سے ملتی ہے۔ اس پر فیروز خان نے مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ کیا میڈیا اسٹار بناتا ہے؟ میڈیا تو پچھلے 3 سال سے ان کے خلاف ہے۔
تاخیر کی وضاحت دیتے ہوئے فیروز خان نے مزید کہا کہ ان کے گھر میں گرم پانی نہیں آ رہا تھا، جس پر خاتون صحافی نے کہا کہ یہ کوئی مذاق نہیں۔ جس پر اداکار بھی انہیں جواب دیتے ہیں کہ وہ بھی مذاق نہیں کر رہے، ان کے ہاں واقعی گرم پانی نہیں آ رہا تھا، جس کی وجہ سے وہ تاخیر سے پہنچے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *