میچ فکسنگ کے الزام میں بنگلادیشی خاتون کرکٹر پر 5 سال کی پابندی عائد
![](https://dailyqudrat.pk/wp-content/uploads/2025/02/00-277.jpg)
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)انٹرنیشل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے میچ فکسنگ کے الزام میں بنگلادیش کی ویمنز ٹیم کی اسپنر سہیلی اختر پر 5 سال کی پابندی عائد کر دی۔
بنگلا دیشی کرکٹر سہیلی اختر پر ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2023 کے دوران میچ فکسنگ کے الزامات کے تحت کرکٹ کے تمام فارمیٹس میں 5 سال کی پابندی عائد کی گئی ہے۔
36 سالہ کھلاڑی نے الزامات کو قبول کرتے ہوئے آئی سی سی اینٹی کرپشن کوڈ کی 5 شقوں کی خلاف ورزی کا اعتراف کیا۔
سہیلی پر پابندی کی مدت 10 فروری 2025 سے شروع ہو چکی ہے۔
رپورٹس کے مطابق 2023 میں ڈھاکا کے نیوز چینل نے ایک آڈیو جاری کی تھی، جس میں 2 کرکٹرز کے درمیان مبینہ گفتگو سنی گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ جنوبی افریقا میں ہونے والے ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران لتا مونڈل نے سہیلی اختر سے رابطہ کیا تھا۔ تاہم، سہیلی نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اسے غلط فہمی کا معاملہ قرار دیا تھا۔
واضح رہے کہ آف اسپنر سہیلی اختر بنگلادیشی ویمنز ٹیم کی جانب سے 2 ون ڈے اور 13 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیل چکی ہیں۔