بے ایمانی سے آئے شخص نے ملک کی بنیادیں ہلادی تھیں‘ شہباز کی محنت رنگ لا رہی ہے، نوازشریف
![](https://dailyqudrat.pk/wp-content/uploads/2025/02/22-11.jpg)
لاہور ( قدرت روزنامہ ) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کا کہنا ہے کہ بے ایمانی کے ساتھ آئے ہوئے شخص نے ملک کی بنیادیں ہلا دی تھیں لیکن ہم نے پاکستان کی خاطر ہسنتے ہوئے قربانیاں دیں اور آگے بھی دریغ نہیں کریں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے پنجاب اسمبلی کے ارکان نے ملاقات کی، اس دوران ارکان اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ شہباز شریف کی محنت رنگ لا رہی ہے، زوال کا رخ ترقی کی طرف موڑ دیا ہے، معاشی اعشاریوں کی بہتری پاکستان کی بہتری ہے، معیشت میں بہتری لا کر ایک بار پھر پاکستان سنوار رہے ہیں، اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ پاکستان سیاہ اندھیروں سے باہر آ رہا ہے، اور مسلم لیگ ن نے پھر ثابت کیا کہ ہم ہی ملک کی خدمت کرتے ہیں اور عوام کو ریلیف دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پالیسی ریٹ میں 22 سے 12 فیصد کی کمی سے معاشی سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں اور معیشت کو فائدہ ہو رہا ہے، روپیہ مستحکم ہوا اور گروتھ بڑھ رہی ہے جب کہ اسٹاک ایکسچینج بلند ترین سطح پر ہے اور مہنگائی کم ہو رہی ہے، عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف نے بھی معاشی بحالی اور پاکستان کے ترقی کی طرف بڑھنے کا اعتراف کیا ہے، اسی طرح پنجاب کی بھی رونقیں اور خوشیاں بحال ہو رہیں، اللہ نظر بد سے بچائے۔
بتایا جارہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر نوازشریف نے پارٹی کو تنظیمی سطح پر مضبوط کرنے کا فیصلہ کیا ہے، انہوں نے ن لیگی رہنماؤں کو پارٹی کو یونین کونسل اور ریجنلز سطح پر مضبوط بنانے پر کام شروع کرنے کی ہدایت کردی، مسلم لیگ ن کو تنظیمی سطح پر مضبوط کرنے کے لیے پارٹی رہنماوں کو اہم ٹاسک سونپے جائیں گے، اس سلسلے میں نواز شریف نے ایم پی ایز، ایم این ایز اور رہنماؤں سے ملاقاتوں کا آغاز کردیا ہے، صدر ن لیگ صوبہ پنجاب کی کابینہ میں توسیع کے حوالے سے موزوں امیدواروں کے انٹرویوز بھی کریں گے۔