موٹر وے ٹول ٹیکس میں اضافے کیخلاف درخواست پر وفاقی حکومت کو نوٹس

پشاور(قدرت روزنامہ)ہائی کورٹ نے موٹر وے ٹول ٹیکس میں اضافے کے خلاف درخواست پر وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کردیا۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق موٹروے ٹول ٹیکس میں اضافے کے خلاف ڈائر درخواست پر سماعت پشاور ہائی کورٹ میں ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل عظیم داد ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ31 جنوری 2025 کو حکومت نے نوٹیفکیشن کے ذریعے ٹول ٹیکس میں اضافہ کیا۔

وکیل کے مطابق ایم ٹیگ نہ لگانے والوں کے لیے ٹول ٹیکس میں 100 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ حکومت نے 2024 میں دو بار ٹول ٹیکس میں اضافہ کیا، پشاور سے چارسدہ کا ٹول ٹیکس 30 سے 40 اور پھر 40 سے 60 روپے کردیا، ایک سال میں 50 فیصد اضافہ کیا گیا۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ اب حکومت نے ایم ٹیگ نہ لگانے پر 100 فیصد اضافہ کیا جو غیر قانونی ہے۔ ٹول ٹیکس میں اضافے سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔

جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے ریمارکس دیے کہ ہمیں بھی پتا ہے کہ یہ اضافی ٹیکس ہے۔وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ حکم امتناع جاری کیا جائے کہ اس کیس پر فیصلے تک اضافی ٹول ٹیکس نہ لیا جائے، جس پر عدالت نے کہا کہ ہم اس میں مناسب آرڈر کرتے ہیں۔

بعد ازاں عدالت نے وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *