جنوبی افریقہ کیخلاف رضوان اور سلمان کی بیٹنگ دیکھ کر بھارتی دنگ رہ گئے
![](https://dailyqudrat.pk/wp-content/uploads/2025/02/09-46.jpg)
کراچی (قدرت روزنامہ) سہ ملکی سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان کے ریکارڈ ہدف تعاقب نے بھارتی میڈیا و یوٹیوبرز کو حیران کردیا۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے اہم معرکے میں پاکستان نے جنوبی افریقی ٹیم کے 353 رنز کے ہدف کے تعاقب کو محض ایک اوور قبل اور 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
اس میچ میں کپتان محمد رضوان نے ناقابل شکست 122 اور سلمان علی آغا نے 16 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 134 رنز کی اننگز کھیلی۔ دونوں کرکٹرز نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 260 رنز کی ریکارڈ پارٹنرشپ قائم کی اور پاکستان کیلئے جیت ممکن بنائی۔
اس میچ میں محمد رضوان اور آغا سلمان نے کئی ریکارڈ بھی توڑے تاہم فتح نے بھارتی میڈیا و یوٹیوبرز کو پریشان کردیا ہے۔
بھارتی فینز کا کہنا ہے کہ چیمپئینز ٹرافی سے قبل پاکستان اور بھارتی ٹیموں کا فارم میں آنا خوش آئند ہے، روایتی حریفوں کے درمیان 23 فروری کو سخت مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔
بھارتی صحافی وکرانت گپتا، اسپورٹس یاری و دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پاکستانی کھلاڑیوں کے تعریف کرتے نظر آئے، سلمان آغا کو ہندوستانیوں نے لوئر مڈل آرڈر کے جاوید میانداد کے لقب سے بھی نواز دیا۔