’آپ کمال ہو‘، بالی ووڈ اداکارہ ودیا بالن نے ماورا حسین کی تعریف کیوں کی؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بالی ووڈ اداکارہ ودیا بالن اداکار ہرش وردھن اور پاکستانی اداکارہ ماورا حسین کی فلم ’صنم تیری قسم‘ دیکھنے کے بعد ماورا حسین کی تعریف کیے بنا نہ رہ سکیں۔
ودیا بالن نے فلم ’صنم تیری قسم‘ دیکھنے کے بعد پاکستانی اداکارہ ماورا حسین کی اداکاری کی تعریف کی ہے۔ انہوں نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ماورا کی فلم کے بارے میں لکھا کہ ’خوبصورت لو اسٹوری تھیٹر میں دیکھ کر بہت لطف آیا‘۔ ساتھ ہی انہوں نے ماورا کی اداکاری کو سراہتے ہوئے کہا ’ماورا ! آپ کمال ہو‘۔ جس پر اداکارہ ماورا حسین نے ودیا بالن کا شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ فلم ’صنم تیری قسم‘ کو ری ریلیز کیا گیا ہے۔ یہ فلم 2016 میں ریلیز کی گئی تھی تاہم یہ باکس آفس پر بزنس کرنے میں ناکام رہی تھی۔
فلم کی دوبارہ ریلیز نے غیر معمولی طور پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس نے صرف بھارت میں 5 دنوں میں 25.16 کروڑ روپے کما کر ہمیش ریشمیا کی فلم ’بی آر‘ اور ’لویاپا‘ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
یاد رہے کہ یہ ماورا حسین کی پہلی اور آخری بالی ووڈ فلم تھی۔ اس کے بعد وہ پاکستانی فلم ’جوانی پھر نہیں آنی 2‘ میں نظر آئیں۔ اس کے بعد انہوں نے ٹی وی پر توجہ مرکوز کرلی۔ ان کے پاس یونیورسٹی آف لندن سے قانون کی ڈگری ہے۔ انہوں نے اپنے قانونی کیریئر کو ایک طرف رکھ دیا کیونکہ وہ اپنے اداکاری کے کیریئر پر توجہ مرکوز کرنا چاہتی ہیں۔