آئی سی سی نے شاہین شاہ آفریدی سمیت پاکستان کے تین کھلاڑیوں کو بھاری جرمانہ کر دیا

کراچی (قدرت روزنامہ ) پاکستانی کرکٹرز شاہین شاہ آفریدی، سعود شکیل اور کامران غلام کو بدھ کے روز جنوبی افریقہ کے خلاف ٹرائی نیشن سیریز کے میچ میں آئی سی سی ضابطہ اخلاق کی لیول1 کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کر دیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق شاہین شاہ آفریدی پر میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا، کیونکہ وہ آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.12 کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے، جو کہ “بین الاقوامی میچ کے دوران کسی کھلاڑی، امپائر یا دیگر شخص سے نامناسب جسمانی رابطے” سے متعلق ہے۔

یہ واقعہ جنوبی افریقہ کی اننگز کے 28ویں اوور میں پیش آیا، جب شاہین نے جان بوجھ کر بیٹر میتھیو بریٹزکے کے رن لیتے وقت ان کے راستے میں آکر جسمانی رابطہ کیا، جس کے نتیجے میں ایک تکرار بھی ہوئی۔

اسی طرح، سعود شکیل اور متبادل فیلڈر کامران غلام پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا، کیونکہ وہ جنوبی افریقی بلے باز ٹیمبا باووما کے رن آؤٹ ہونے کے بعد حد سے زیادہ جوش و خروش میں ان کے بہت قریب جشن مناتے نظر آئے۔

سعود اور کامران کو آئی سی سی کے آرٹیکل 2.5 کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا، جو کہ “کسی بلے باز کی وکٹ گرنے پر ایسا رویہ اپنانے یا زبان استعمال کرنے سے متعلق ہے جو مخالف کھلاڑی کو اشتعال دلا سکتا ہو”۔

اس کے علاوہ، تینوں کھلاڑیوں کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ شامل کر دیا گیا ہے، جبکہ گزشتہ 24 ماہ میں ان کا کوئی سابقہ جرم درج نہیں تھا۔

تینوں کھلاڑیوں نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے میچ ریفری ڈیوڈ بون کی تجویز کردہ سزا کو قبول کیا، جس کے باعث باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *