سیاستدانوں کو ملکی نظام سے بے دخل کیا جا رہا ہے، مولانا فضل الرحمان

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)جمعیت علماء اسلام ( جے یو آئی ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ سیاستدانوں کو ملکی نظام سے بے دخل کیا جا رہا ہے۔اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ 26 ویں ترمیم کے ذریعے شب خون مارا گیا لیکن ہم نے مقابلہ کیا، عدلیہ کو اپنی لونڈی بنانے کی کوشش کی گئی، ہم نے آئینی ترمیم کے ابتدائی مسودے کو مسترد کیا، سیاسی لوگ ہیں بات چیت پر یقین رکھتے ہیں۔سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ 26 ویں ترمیم کی 56 شقیں تھیں، ہم نے حکومت کو 36 شقوں سے دستبردار کیا اور ہم حکومت کو 22 شقوں پر لے کر آئے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس اور ججز کی تقرری کیلئے 18 ویں ترمیم کے ذریعے پارلیمنٹ کو اختیار دیا گیا تھا، 19 ویں ترمیم کے ذریعے پارلیمنٹ کے اس حق کو ختم کیا گیا، آج پھر ہم نے پارلیمنٹ کے اُس حق کو واپس شامل کیا، جب ملٹری کورٹ کو آئین کے ذریعے ہم سے نہیں منوایا گیا تو ایکٹ کے ذریعے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سیاسی کھیل کھیلے گئے، اپوزیشن کو تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی، جے یو آئی اور پی ٹی آئی کو دوبارہ لڑانے کی کوشش کی گئی ، مسائل اب بھی بہت زیادہ ہیں، 2 صوبوں کی صورتحال خراب ہے، دونوں صوبے انتظامی لحاظ سے ملک سے کٹ چکے ہیں، دوںوں صوبوں میں کوئی حکومتی رٹ برقرار نہیں، ان صوبوں میں مسلح گروپوں کا قبضہ ہے اور گلیوں ، بازاروں اور علاقوں کو کنٹرول کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کچھ لوگ نظریات کی جنگ لڑتے ہیں اور کچھ لوگ اپنی اتھارٹی کی جنگ لڑتے ہیں، سیاستدانوں کو ملکی نظام سے بے دخل اور پارلیمنٹ کو کمزور کیا جا رہا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *