کابینہ اراکین سے پارٹی عہدے چھڑوادیے جائیں گے، مشعال یوسفزئی کا دعویٰ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بشریٰ بی بی کی ترجمان مشعال یوسفزئی نے کہا ہے کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے صوبائی کابینہ میں تبدیلی کے احکامات جاری کردیے ہیں اور کابینہ میں شامل ارکان سے پارٹی عہدوں سے استعفے لیے جائیں گے۔
ایک نجی ٹی وی چینل سےگفتگو کرتے ہوئے مشعال یوسفزئی نے کہا ہے کہ عمران خان کے واضح احکامات ہیں کہ پارٹی کے عہدے اور کابینہ کا حصہ رہنے میں سے کسی ایک چیز کا انتخاب کرنا ہوگا۔
’بشریٰ بی بی اب عمران خان کے بغیر جیل سے نکلنا نہیں چاہتیں‘
بشریٰ بی بی کی ترجمان مشعال یوسفزئی نے کہا کہ سابق خاتون اول اب جیل سے باہر نہیں نکلنا چاہتیں اور اب ان کا ارادہ ہے کہ وہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کےساتھ ہی رہا ہوکر باہر آئیں گی۔
مشعال یوسفزئی نے کہا کہ سابق خاتون اول کو جیل میں عام قیدیوں جیسی سہولیات بھی میسر نہیں ہیں۔
مشعال یوسفزئی نے کہا کہ بشریٰ بی بی کا مؤقف یہ ہے کہ اب وہ جیل سے اکیلی نہیں بلکہ عمران خان کے ساتھ نکلیں گی۔بشریٰ بی بی اور گنڈاپور کا کوئی جوڑ ہی نہیں تو اختلاف کیسا؟
بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈاپور کے درمیان ’اختلافات‘ کے حوالے سے کہا کہ بشریٰ بی بی عمران خان کی اہلیہ ہیں ان سے کوئی اختلافات کر ہی نہیں سکتا۔
انہوں نے کہا کہ جب بشریٰ بی بی سے کسی کا جوڑ ہی نہیں تو اس سے اختلاف کا کیا سوال پیدا ہوسکتا ہے۔مشعال یوسفزئی نے کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی جس پر ہاتھ رکھیں گے وہ لیڈر بن جائے گا اور جس پر نہیں رکھیں گے وہ رہنما نہیں ہوگا۔
’پارٹی میں میرے خلاف سازش ہوئی‘
مشال یوسفزئی کا کہنا تھا کہ مجھے سازش کے ذریعے کابینہ سے ہٹایا گیا کیوں کہ میرے خلاف پارٹی میں منظم پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *