کچھ غلط کیا ہی نہیں تو ریفرنس کا ڈر کیوں، اللہ مالک ہے، جسٹس منصور علی شاہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سپرم کورٹ کے پیونی جج جسٹس منصور علی شاہ نے کہا ہے کہ ریفرنس آنے دیں، جب کچھ غلط نہیں کیا تو کیوں ڈریں؟ ریفرنس جب آئے گا تب دیکھی جائے گی۔ کچھ غلط کیا ہی نہیں تو ریفرنس کا ڈر کیوں ہونا، اللہ مالک ہے۔
سپریم کورٹ میں نئے ججوں کی حلف برداری کی تقریب میں غیر رسمی گفتگو کے دوران ایک صحافی نے جسٹس منصور علی شاہ سے سوال کیا کہ حکومتی مشیر نے کہا ہے کہ 2 سینیئر ججز کیخلاف ریفرنس آسکتا ہے؟ اس پر جسٹس منصور علی شاہ نے جواب دیا کہ کسی سے کوئی ذاتی عناد یا اختلاف نہیں، کمرے میں موجود ہاتھی کسی کو نظر نہ آئے تو کیا کرسکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام ججز کے ساتھ ملاقات ہوتی ہے اکٹھے چائے بھی پیتے ہیں۔ جو اصولی مؤقف ہے وہ ہمارا اپنا ہے۔ ایک صحافی نے سوال کیا کہ سنا ہے کہ آپ آج کل کام نہیں کر رہے؟ اس پر جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ سپریم کورٹ کی ویب سائیٹ سے دیکھ لیں۔ دیکھ لیں ڈسپوزل ریٹ سب سے زیادہ کس کا ہے۔ دیکھ لیں سب سے زیادہ رپورٹیڈ فیصلے کس کے ہیں۔
قبل ازیں سپریم کورٹ میں 6 مستقل ججز اور ایک ایکٹنگ جج نے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ججز سے حلف لیا۔ تقریب حلف برداری میں سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے ججز، اٹارنی جنرل، پاکستان بار کونسل، سپریم کورٹ بار کونسل کے عہدیداران اور وکلا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔