پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15 فروری سے کتنی کمی کا امکان ہے؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)حکومت کی جانب سے عالمی خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث 15 فروری سےملک میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 9 روپے تک کی کمی کیے جانے کا امکان ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے تیل میں قیمتوں کی کمی کی تجویز پر مبنی سمری حکومت کو بھیج دی ہے، جس میں فروری کے وسط سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی متوقع ہے۔
پیٹرولیم انڈسٹری کے اندازوں کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 9 روپے 11 پیسے فی لیٹر کمی ہوسکتی ہے جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 50 پیسے فی لیٹر کمی کا امکان ہے۔ اسی طرح مٹی کا تیل 3 روپے 45 پیسے فی لیٹر سستا ہونے کا امکان ہے جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 60 پیسے فی لیٹر کمی کا امکان ہے۔
قیمتوں کی ایڈجسٹمنٹ عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ سے منسلک ہے۔ حکومت آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے بھیجی گئی سمری کا جائزہ لے گی اور بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں کی مناسبت سے 15 فروری کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی یا اضافے کا اعلان کرے گی۔
پیٹرولیم مصنوعات کی نظر ثانی شدہ قیمتوں کی حتمی منظوری وزیراعظم شہباز شریف دیں گے اور وزارت خزانہ نئی قیمتوں کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرے گی جس کا اطلاق آئندہ 15 روز تک ہوگا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *