محمود خان اچکزئی نے قومی اسمبلی کی کمیٹیوں سے استعفیٰ دینے کا اعلان کردیا

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)قومی اسمبلی میں اپوزیشن رہنما و تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے قومی اسمبلی کی کمیٹیوں سے استعفیٰ دینے کا اعلان کر دیا ہے۔
جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے الزام لگایا کہ قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق نے ایمانداری سے کام نہیں لیا، انہوں نے بے ایمانی کی ہے۔
محمود خان اچکزئی نے یہ بھی الزام لگایا کہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں بیرسٹر گوہر جو کہ ایک انتہائی شریف آدمی ہیں، کو بولنے کا موقع نہیں دیا جبکہ پی ٹی آئی کے سابق رہنما اور ممبر اسمبلی شیر افضل مروت کو اس لیے بات کرنے کی اجازت دی کیونکہ انہیں پتا تھا کہ وہ پی ٹی آئی کے خلاف بات کریں گے۔
محمود اچکزئی نے مزید کہا کہ ہم کوئی بچے نہیں ہیں گندی مچھلی کو گندے پانی میں بھی تلاش اور پہچان لیتے ہیں، ہم بھی بڑے سیاسی کھلاڑی ہیں، صورت حال کو جان لیتے ہیں۔